ایرانی روایتی لوک موسیقی فیسٹیول

پاک ایران عوام لازوال ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں

انقلاب اسلامی ایران کی پرشکوہ کامیابی کی38ویں سالگرہ پر اسلام آباد میں ایرانی روایتی لوک موسیقی فیسٹیول کا انعقاد

اسلام آباد (پ۔ر) ثقافتی قونصلیٹ سفارت اسلامی جمہوریہ ایران، اسلام آباد، انقلاب اسلامی ایران کی پرشکوہ کامیابی کی 38ویں سالگرہ اور ایران کے قومی دن کی دس روزہ تقریبات کے آغاز پر پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس وزارت اطلاعات و نشریات حکومت پاکستان کے اشتراک سے ’’ایرانی روایتی ایرانی لوک موسیقی فیسٹول‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔

12بہمن(31جنوری) کو حضرت امام خمینی (ره) بانی انقلاب اسلامی پیرس سے اپنے وطن واپس تشریف لائے تھے اور انقلاب اسلامی ایران 22بہمن کو کامیاب ہوگیا تھا لہٰذا اس سلسلے میں ہر سال دس روزہ عشرہ فجر تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ یہ فیسٹول بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے اس فیسٹول کی افتتاحی تقریب میں محترمہ مریم اورنگ زیب وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ حکومت پاکستان مہمان خصوصی تھیں۔ اس موقع پر عزت مآب سفیر اسلامی جمہوریہ ایران جناب مہدی ہنردوست اور آقائے شہاب الدین دارایی، کلچرل قونصلر سفارت اسلامی جمہوریہ ایران اور سید جمال شاہ ڈی جی پی این سی اے نے بھی خطاب کیا۔ ثقافتی قونصلیٹ شہاب الدین دارائی کا کہنا تھا کہ ایران کے قومی دن کے موقع پر بانی ا نقلاب امام خمینی رضوان اللہ علیہ، مقام معظم رہبری سید علی خامنہ ای اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جن کی انتھک کوششوں سے شجر اسلام کی آبیاری اور کرپٹ ، ڈکٹیٹر رژیم کا خاتمہ ممکن ہوا۔ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران ایران نے سختیوں، پابندیوں اور جارح طاقتوں کے ظلم کے باوجود ترقی اور کامیابی کا سفر جاری و ساری رکھا اور آج ایران پوری دنیا میں ایک اہم سیاسی، ثقافتی اور سائنسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے۔ ڈائریکٹر پی این سی اے سید جمال شاہ نے اس موقع پر کہا کہ آرٹ اور کلچر لوگوں کو قریب لانے کی طاقت رکھتے ہیں۔ ایران نے اس شعبے میں بے مثال ترقی کی، دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ دونوں ممالک سینما، ویژیول آرٹ اور کلچر کے شعبوں میں ایک دوسرے سے بھرپور تعاون کے لئے تیار ہیں۔

پاکستان میں تعینات ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست کا کہنا تھا کہ موسیقی آرٹ اور کلچر کی زبان ہے، جس کے ذریعے ثقافتی تعلقات میں اضافے کو ممکن بناکر امن کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوروز کے موقع پر ایرانی فلم فیسٹیول کا انعقاد کیا جا ئے گا جس میں ایران کی مشہور زمانہ فلمیں پیش کی جائیں گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ پاک ایران ثقافتی تعلقات کو بہترین سطح تک لیجانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں، فنکاروں اور نوجوانوں کے وفود کے تبادلوں کے علاوہ دونوں ممالک کے مابین آرٹ اینڈ کلچر اور فلم کے شعبے میں تعاون کویقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد پاک ایران عوام ایک دوسرے کے ممالک کی فلمیں دیکھ سکیں گے۔ ایران اور پاکستان مشترکہ ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں، جنہیں مضبو ط تر بنانے کے لئے کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

وزیر مملکت نے بتایا کہ پارلیمنٹ میں جب مختلف ممالک کے فرینڈشپ گروپس بنانے کی بات شروع ہوئی تو سب سے زیادہ ممبران قومی اسمبلی نے ایران کے لئے رجسٹریشن کرائی ، جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاک ایران عوام ایک دوسرے سے کس قدر محنت رکھتے ہیں، انہوں نے ایران جانے کی خواہش کا اظہار کرتے شرکائے تقریب سے بھی خواہش ظاہر کہ وہ ایران جائیں اور وہاں کے لوگوں کی پاکستانیوں کے لئے محبت کا مشاہدہ کریں۔ ایران میں اقبال میوزیم کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ اقبال دونوں ممالک کی مشترکہ میراث ہیں، میوزیم کا قیام دونوں ممالک کے محبت کے لازوال رشتوں کی زندہ مثال ہے۔ ایران کی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد کی جس پر شکر گزار ہیں۔ ہر سال لاکھوں لوگ پاکستان سے ایران جاتے ہیں، ویزا اور دیگر ایشوز کو آسان بنانے کے لئے دونوں ممالک کے مابین بھی بات چل رہی ہے۔

اس موقع پر ایرانی دستکاریوں پر مشتمل ایرانی ثقافت اور آرٹس کی دیدہ زیب نمائش کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔

افتتاحی تقریب کے اختتام پر اسلامی جمہوریہ ایران سے تشریف لائے ہوئے فنکاروں کے گروپ (ثقافتی طائفہ) نے ایران کی روایتی اور لوک موسیقی کا مظاہرہ کیا۔حاضرین کی کثیر تعداد نے اس پروگرام میں شرکت کی اور اس پروگرام کو سراہا۔

شعبہ تعلقات عامہ

ثقافتی قونصلیٹ اسلامی جمہوریۂ ایران۔ اسلام آباد

ای میل کریں