سوال: اگر آپ کیلئے ممکن ہو تو گزشتہ پندرہ سالوں کے دوران کہ جب سے آپ جلا وطن ہیں ، اپنی تحریک کی تاریخ کے حوالے سے وضاحت کیجئے؟ آپ نے کس طرح ایسی موثر تحریک کو آرگنائز کیا؟ اس تحریک کو منظم کرنے والے کون افراد تھے اور کس طرح کے تعلقات اور مختلف ضمانتیں تھیں اور ہیں کہ جو دنیا والوں کیلئے ناقابل یقین ہیں ؟
امام خمینی: تحریک اور اس کے مقدمات طویل ہیں ، لیکن میں مختصر طورپر کہہ سکتا ہوں کہ شاہ نے اپنی حکومت کی ابتدا سے ہی بے شمار مظالم ڈھائے ہیں اور ایسے مواقع بھی آئے تھے کہ جب لوگ اس کو ملک سے نکال باہر کرنے کی طاقت حاصل کرچکے تھے لیکن افسوس کہ انہوں نے کوتاہی کی۔ حالیہ پندرہ سالوں کی تحریک کی ابتدا اس طرح ہوئی کہ شاہ نے ملت کے مفادات کے منافی اقدامات کئے۔ شروع میں علمائے اسلام نے مخالفت کی اور یہ مخالفت رات کے وقت میری گرفتاری پر منتج ہوئی۔ جیسا کہ کہا جاتا ہے ۱۵ خرداد ۴۲ (۵ جون ۱۹۶۳ء) کے دن پندرہ ہزار افراد کو قتل کیا گیا۔ تقریباً ایک سال تک میں جیل میں رہا۔ آزادی کے بعد میں نے اپنی تحریک جاری رکھی اور شاہ کی بد اعمالیوں اور مظالم کا پردہ چاک کیا یہاں تک کہ شاہ کی ایک بہت بڑی خیانت یعنی کیپچولیشن کا مسئلہ پیش آیا اور شاہ نے امریکی مشیروں کو سزا سے مستثنیٰ قرار دیا جس کے بعد مجھے رات کے وقت گرفتار کر کے ترکی جلا وطن کردیا گیا۔ ایک سال تک ہم ترکی میں رہے۔ اس کے بعد ہمیں عراق کی تحویل میں دے دیا گیا اور تقریباً چودہ سال تک ہم عراق میں رہے۔ اس سارے عرصے میں ، میں نے مختلف مواقع پر اعلامیوں اور تقریروں کے ذریعے شاہ کے مظالم کو فاش کیا اور ہر المیے کو بیان کیا۔ میں کبھی خاموش نہیں رہا۔
طلیعہ انقلاب اسلامی، ص ۱۸۳