امام خمینی(رہ) پورٹل نامہ نگار کے مطابق: متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی، سیکرٹری جنرل مولانا محمد امین انصاری کی دعوت پر فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے القدس آل پارٹیز پریس کانفرنس میں شریک مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے جمعۃ الوداع کو ملک بهر میں "یوم القدس" منانے کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر ملک بهر میں اسرائیلی جارحیت انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کے خلاف مظلوم فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
رہنمائوں نے فلسطین کے حساس مسئلے پر فی الفور اسلامی سربراہ کانفرنس بلوانے، پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک سے اسرائیلی مظالم رکوانے کیلئے اقوام متحدہ اور اسرائیل پر زور ڈالنے اور اپنے اپنے ممالک کی جانب سے نہتے مظلوم فلسطینیوں کی امداد و نصرت کیلئے امدادی دستے بهیجنے کیلئے متفقہ پر زور مطالبات کئے۔
مذہبی و سیاسی رہنمائوں کا کہنا تها کہ اسرائیلی مظالم عالم اسلام کی غیرت ایمانی کیلئے کهلا چیلنج ہے۔ فلسطین کے مسلمانوں کو مظالم سے نجات دلانے کیلئے کردار حسینی کو زندہ کرنا ہوگا۔
اس موقع پر مولانا محمد امین انصاری نے پریس کانفرنس کا مسودہ پڑه کر سنایا۔
رہنمائوں نے کہا کہ ضرب عضب آپریشن کے باعث پاکستان کے تمام شہروں سے "یوم علی" کے موقع پر جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہوئے جس پر افواج پاکستان، رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لائق تحسین ہیں۔