"صدی کی ڈیل"، ٹرمپ کی موت سے پہلے مَر جائیگی
فلسطین کا واحد حل اصلی فلسطینی باشندوں کی مرضی کیمطابق نظام حکومت کا قیام ہے
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر اور آرمڈ فورسز کے کمانڈر انچیف آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے تہران میں ہزاروں کی تعداد میں آئی عوام سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل کی طرف سے فلسطینی حقوق کے غصب پر مشتمل اسرائیلی و امریکی سازش "صدی کی ڈیل" کو ایک احمقانہ، خبیثانہ اور شکست خوردہ منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس منصوبے کے مقابلے کا واحد راستہ فلسطینی قوم کی مزاحمت اور شجاعانہ جہاد اور عالم اسلام کی طرف سے (فلسطینیوں کی) کھلی حمایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صیہونی امریکی سازش "صدی کی ڈیل"، ٹرمپ کی موت سے قبل ہی مَر جائے گی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے شہید جنرل قاسم سلیمانی، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کے حرم کا دفاع کرنے والے اور اسلامی مزاحمتی محاذ کے دوسرے مجاہدین جیسے افراد کی پرورش، ان کے بلند حوصلوں اور شہداء کے خاندانوں کی مزاحمت کو دینی نظام حکومت کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کی نمایاں خصوصیات میں ان کا راسخ عزم اور محکم ایمان شامل ہے اور خصوصا جب یہ ایمان، عمل صالح اور جہادی حوصلے کیساتھ مل جائے تو سردار سلیمانی جیسی شخصیت پیدا ہوتی ہے کہ جسکے دشمن بھی اسکی تعریف و تمجید کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے اسلامی مزاحمتی محاذ کے دائرۂ کار کے عنقریب وسیع ہو جانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کی کہ ہمیں یقین ہے کہ فلسطینی مزاحمتی فورسز اپنی پوری قوت کیساتھ قیام کریں گی اور اپنی مزاحمت کو جاری رکھیں گی جبکہ اسلامی جمہوری ایران جو ان مزاحمتی فورسز کی حمایت کو اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے، اپنی تمامتر وسعت کیساتھ ان کی حمایت جاری رکھے گا جبکہ یہ مدد اسلامی جمہوریہ ایران کے اسلامی حکومتی نظام کی امنگوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلۂ فلسطین کا واحد حل مسلمانوں، عیسائیوں و یہودیوں سمیت فلسطین کے اصلی باشندوں کے ریفرنڈم کے ذریعے فلسطینیوں کی مرضی کے مطابق نظامِ حکومت کا قیام ہے تاکہ بنجمن نیتن یاہو جیسے اغیار فلسطینیوں کیلئے فیصلے نہ کریں۔