حضرت امام خمینی (رہ) کو اللہ تعالی کی ذات اور ایرانی قوم پر اعتماد تھا:ایرانی صدر حسن روحانی
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایران کی آزادی اور استقلال کی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے امام خمینی (رہ) کو اللہ تعالی کی ذات اور عوام پر زبردست اعتماد تھا اور انھوں نے اللہ تعالی کی مدد اور عوام کی حمایت کے ساتھ ایرانی عوام کو آزادی اور استقلال جیسی نعمتوں سے نوازا ۔
امام خمینی پورٹل کے نامہ نگار کی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ہفتہ حکومت کے موقع پر عوام کے درد و رنج اور مشکلات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مشکلات کو دور کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ہمیں ایرانی قوم کی کامیابی پر کوئی شک و تردید نہیں ہے۔
صدر حسن روحانی کابینہ کے ارکان کے ہمراہ ہفتہ حکومت کے آغاز پر حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر پہنچے جہاں انھوں نے بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رہ) کے ساتھ تجدید عہد کیا اور حضرت امام خمینی (رہ) کے اہداف کی سمت گامزن رہنے کے عزم کا اظہار کیا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے کہا حکومت آج ایک بار پھر امام خمینی(رہ) کے ساتھ تجدید عہد کر کے اس بات کا وعدہ کرتی ہے کہ حکومت پہلے سے زیادہ لوگوں کی خدمت کرے گی اور ہمیں یقین ہے کہ خداوند متعال اس کام میں ہماری مدد کرے گا۔
ایرانی صدر نے علاقے اور ملک کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ ہم ایک بار پہر امام خمینی(رح) کی زندگی کو پڑھ کر اس پر عمل کریں انہوں نے کہا کہ امام (رہ) نے ہم سب کو امید کا راستہ دیکھایا۔
حسن روحانی نے کہا کہ امام (رہ) نے اللہ کی مدد سے اپنی تحریک کو کامیاب بنایا اور ہمیں یہ درس دیا کہ کبھی بھی اللہ کی رحمت سے مایوس نہ ہوں خدا وند متعال پر ایمان کامل رکھیں یہی ایمان امید اور کامیابی کا ذریعہ ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) کو اللہ تعالی کی ذات اور عوام پر زبردست اعتماد تھا اور انھوں نے اللہ تعالی کی مدد اور عوام کی حمایت کے ساتھ ایرانی عوام کو آزادی اور استقلال جیسی نعمتوں سے نوازا ۔ ہم آج حضرت امام خمینی کے اہداف کی سمت گامزن ہیں۔ ہم بہت سے شعبوں اور میدانوں میں مستقل ہوگئے ہیں اور زندگي کے دوسرے شعبوں ميں بھی استقلال کی جانب بڑھ رہے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) اچھی طرح جانتے تھے کہ ایران کی مؤمن اور مخلص قوم اللہ تعالی کی ذات پر اعتماد اور ایمان کے ذریعہ کامیاب ہوجائے گی اور آج بھی ایرانی قوم مشکلات کے بھنور سے عبور کرجائے گي ، ایرانی قوم دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لئے آمادہ ہے ۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ہم نے مشترکہ ایٹمی معاہدے کے ذریعہ ایران پرامریکہ کے بے بنیاد الزامات کو غلط اور جھوٹا ثابت کردیا اورہم عالمی رائے عامہ کو ایرانی قوم کے حق میں کرنے میں کامیاب ہوگئے۔