امام خمینی ؒکی عبادت اور خدا سے رابطہ کے بارے میں ہم ان کے حقیقی منظر کو بیان کرنے سے قاصر ہیں ۔ لیکن جہاں تک مجھ سے ہوسکا میں نے اپنے والد کے دوستوں سے رابطہ کیا اور اپنی والدہ سے اس بارے میں بہت سارے سوالات کئے۔ وہ سب یہ کہتے تھے کہ امام کا خدا کے ساتھ ایک خاص رابطہ تھا۔ امام ؒ اس قدر عشق خدا میں محو وفنا تھے اور اپنے محبوب حقیقی کے بارے میں یوں کلام کرتے تھے کہ عظمت الٰہی کے تصور سے سننے والے انسان کا رونگٹا کھڑا ہوجاتا تھا۔ یہ بات جاننے کیلئے دلچسپ ہے کہ بعض اوقات جب سخت مشکل حالات اور پریشانی کے عالم میں حکومت کے ذمہ دار افراد امام کی خدمت میں حاضر ہوتے تو امام اس طرح خدا کی بات کرتے تھے۔ ان کی نظروں میں سوائے اس کی ذات کے کوئی ہوتا ہی نہیں ۔ امام خمینی ؒ کا خدا سے رابطے کے متعلق یادیں اور باتیں بہت ساری ہیں کہ جن کو کما حقہ بیان نہیں کیا جاسکتا۔ امام ؒ ایک ایسی شخصیت تھی جو اپنے مقصود ومراد میں جذب ہو چکے تھے۔ وہ سوائے خدا کے کسی کے بارے میں نہیں سوچتے اور سوائے اس کے کسی کو خاطر میں بھی نہیں لاتے تھے۔