ہم مجاہد اور محصور یمنی عوام کیساتھ کھڑے ہیں، سید حسن نصرالله

ہم مجاہد اور محصور یمنی عوام کیساتھ کھڑے ہیں، سید حسن نصرالله

سید حسن نصرالله نے کہا کہ یمنی تھکنا نہیں جانتے۔ وہ محاصرے، سختیوں اور زخموں کے باوجود محاذوں اور جنگ کے میدانوں میں ڈٹے رہے

 اسلام ٹائمز۔ حزب الله کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے مقاومتی قوتوں سے ہروقت تیار رہنے کی ضرورت کے مطالبے کے جواب میں مزاحمتی حلقوں نے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ وہ ان کے فرمان کے منتظر ہیں۔ حزب الله لبنان کے سربراہ سید حسن نصرالله نے عاشوراء کے روز خطاب کرتے ہوئے مقاومتی فورسز کو ہر قسم کے حالات کے لئے تیار رہنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اُن کے اس بیان کے بعد مزاحمتی حلقوں نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں سید حسن نصرالله کا پیغام ملا اور ان کی آواز نے ہمارا ارادہ اور پختہ کر دیا ہے، لہٰذا ہم ان کی آواز پر لبیک کہنے کے لئے پوری طرح تیار ہیں، ہماری انگلیاں بندوق کے ٹریگر پر ہیں۔ اس پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ اے ہمارے خون و جان کے امین، اے ہمارے دل و دماغ کے مکین، اے ہمارے عزیز دوست، اے ائمہ کی اولاد، آپ کے لئے ہمارا جواب یہ ہے کہ ہم تمام تر طاقت کے ساتھ تیار اور سرحدوں پر مقیم ہیں۔ اس کے علاوہ مجاہدین نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اگر (دشمن) نے حملہ کیا تو ہم بھی حملہ کریں گے اور انہیں تباہ کر دیں گے۔ آزاد لوگوں کے لیے، ہم وہ فتح حاصل کریں گے، جس کا ہمیں بے صبری سے انتظار ہے۔ ہم حملہ آوروں کو شکست دیں گے۔

اس پیغام میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ ہم نے نہ پہلے کبھی آپ کو تنہا چھوڑا ہے اور نہ آئندہ چھوڑیں گے۔ آپ سے کئے گئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کریں گے۔ قابل غور بات یہ ہے کہ سید حسن نے گذشتہ روز امام حسین (ع) اور ان کے باوفا اصحاب کی شہادت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ تحریک (حزب الله) ہمیشہ فلسطینی مجاہد قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی خواہاں حکومتوں میں سے ایک بدترین بحرینی حکومت ہے۔ ایسی حکومت جو گذشتہ دنوں "منامہ" یا اُس ملک کے دوسرے علاقوں میں لہرائے جانے والے سیاہ پرچموں کو برداشت نہیں کرتی۔ ہم آپ کو ایک بدعنوان اور خائن حکومت کے بحرینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی یاد دلاتے ہیں، جس نے انہیں ان کے بنیادی اور فطری حقوق سے محروم کر رکھا ہے، اپنی عوام کے دشمنوں کو گلے لگایا اور اس قوم پر اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کے فیصلے کو تھوپنا چاہا۔ سید حسن نصرالله نے کہا کہ ہم مجاہد اور محصور یمنی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے پر زور دیتے ہیں، جو کئی سالوں سے اپنی عزت اور وطن کے دفاع کے لیے غاصبوں، جارحوں، ذلت اور استکبار کے خلاف برسرپیکار ہیں۔

سید حسن نصرالله نے کہا کہ یمنی تھکنا نہیں جانتے۔ وہ محاصرے، سختیوں اور زخموں کے باوجود محاذوں اور جنگ کے میدانوں میں ڈٹے رہے۔ یمنی عوام کی مظلومیت سید الشہداء امام حسین (ع) کی استقامت، سربلندی، تلوار پر خون کی فتح اور کربلا کا حقیقی مظہر ہے۔ لبنانی میڈیا نے گذشتہ صبح (منگل) جنوبی بیروت کے مضافات میں لبنان کی مقاومتی تحریک حزب اللہ کے عاشورہ کے جلوس کے آغاز کی خبر دی تھی۔ لبنانی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ دی کہ جنوبی بیروت کے نواحی علاقوں ھرمل، القصر، الکواخ اور سھلات الماء میں عاشورہ کا جلوس ہزاروں لبنانی شہریوں کی موجودگی میں شروع ہوا۔ گذشتہ سالوں کی طرح حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے عاشورہ کی دوپہر کو عزاداروں سے خطاب کیا۔ دوسری جانب لبنان میں حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے سربراہ "سید ہاشم صفی الدین" نے "صور" میں عاشورہ کے جلوس کے دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "ہم ابد تک کربلائی اور امام حسین (ع) کے مزاحمت کار رہیں گے۔"

ای میل کریں