اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی نے عالمی سامراج کے ساتھ مقابلے کے دن اور یوم طلباء کی مناسبت سے تہران میں امریکا کے لانہ جاسوسی کے سامنے خطاب میں خلیج عمان میں تیل چرانے کی امریکی کوشش کی ناکامی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو ایرانی قوم سے شکست کھانے کی عادت ہوچکی ہے۔ انہوں نے امریکا کی اقتصادی اور فوجی لحاظ سے طاقت اور قدرت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم اس وقت اپنے عظيم الشان انقلاب کے ابتدائی مرحلے میں تھی اور اس دور میں ایرانی قوم کی طاقت آج جیسی نہیں تھی، پھر بھی ایرانی قوم نے امریکا کا بھر پور مقابلہ کرکے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا۔ میجر جنرل سلامی نے کہا کہ اگر گذشتہ 100 برسوں ميں دنیا میں رونما ہونے والی جنگوں کا جائزہ لیا جائے تو امریکا نے گذشتہ 100 برسوں میں دنیا بھر میں کم سے کم 40 جنگیں مسلط کی ہیں جو دنیا میں امریکی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ دنیا میں امریکا کے 750 فوجی اڈے قائم ہیں جو دنیا کو اپنی فوجی طاقت کے ذریعہ قبضہ میں رکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے یورپی ممالک، افریقی ممالک، مشرق وسطی، مشرق بعید، روس اور دنیا کے ہر گوشہ میں جنگیں لڑی ہیں، امریکا کی براہ راست جنگوں میں اب تک 8 ملین افراد مارے جاچکے ہیں، امریکا اپنی من مانی اور مرضی کی حکومتیں لانے کے لئے دیگر ممالک میں آشکارا مداخلت کرتا ہے، بہت سے عربی اور لاطینی امریکا کے ممالک کے حکمران امریکی اقدامات کے نتیجے میں برسر اقتدار ہیں، دنیا میں امریکا کے ظالمانہ اور بے رحمانہ اقدامات کے بے شمار شواہد موجود ہیں۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ امریکا نے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے بعد ایرانی اور اسلامی ثقافت کو نشانہ بنانا شروع کیا اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف اس کی معاندانہ پالیسیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ جب تک امت امام زمانہ (عج) کے نائب کے ساتھ کھڑی ہے دنیا کی کوئی طاقت اسے آسیب اور نقصان نہیں پنہچا سکتی، ایرانی عوام نے امریکا کو ہر میدان میں شکست سے دوچار کیا ہے اور خلیج عمان میں ایرانی سپاہ نے تیل چوری کرنے کی امریکی بحریہ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ثابت کردیا کہ ایران ہر میدان میں امریکہ کا مقابلہ کرنے اور ایرانی قوم کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے آمادہ ہے۔