کوئی خاص مقام میرے پیش نظر نہیں ہے
اب جبکہ میں مولیٰ امیر المومنین (ع) کے جوار سے جانے پر مجبور ہوں (امام خمینی ؒ کے ان بیانات کا تعلق اس زمانے سے ہے جب عراق کی بعثی حکومت نے عراق میں مقیم ایرانیوں کو نکالنے کیلئے بہت زیادہ دباؤ ڈالا تھا اور یہ سب ایسے عالم میں تھا کہ یہ حکومت خاص شیطانی پالیسی سے کام لیتے ہوئے نہ صرف امام خمینی ؒ کے سد راہ نہیں ہوئی تھی، بلکہ اس سلسلے میں امام خمینی ؒ کو یقین دہانی کرائی تھی کہ آپ اور آپ کے ساتھیوں کے خلاف کوئی اقدام نہیں کیا جائے گا۔ لیکن امام خمینی ؒ نے عوام سے ہمدردی کی خاطر حکومت کو دھتکار دیا) اور میں ، آپ محروم ملت، کہ جس پر اغیار اور ان کے پٹھوؤں نے ہمہ گیر حملہ کر رکھا ہے، کی خدمت، اسلامی ممالک میں رہ کر نہیں کرسکتا ہوں ۔ کویت کا ویزا ہونے کے باوجود مجھے کویت میں داخل ہونے نہیں دیا گیا! اب میں فرانس جا رہا ہوں ۔ کوئی خاص جگہ میرے پیش نظر نہیں ہے بلکہ الٰہی ذمہ داری کو نبھانا اہم ہے۔ اسلام اور مسلمانوں کے عظیم مفادات کو اہمیت حاصل ہے۔ آج جبکہ اسلامی تحریک ایک حساس مرحلے میں داخل ہوچکی ہے، ہم جوابدہ ہیں ۔ اسلام کو ہم سے توقع ہے۔۔۔
میں اپنی حالیہ مصروفیات میں ایران کی خبریں اور کرمانشاہ اور کردستان کے بعض علاقوں میں چلنے والی مسلسل تحریکوں اور شاہ کے پٹھوؤں کے ہاتھوں ہونے والے قتل عام کے واقعات کے بارے میں سنتا تھا تو میں متاثر بھی ہوتا۔ مجھے افسوس بھی ہوتا اور میں امیدوار بھی ہوتا اور سربلند بھی۔ میں عظیم ملت کی شجاعت کا امیدوار ہوجاتا اور اسلام ومسلمین کی راہ میں ان کی فداکاری کی بنا پر سربلند بھی۔
خداوند تعالیٰ سربلند کرے اس ملت کو جس نے اپنی فداکاری کے ساتھ حق کی کامیابی کے راستے میں قدم اٹھایا ہے اور اس راستے میں آنے والی تمام رکاوٹوں کو ہٹا دیا ہے۔ کامیابی عطا ہو ان دلیر مردوں کو جنہوں نے اپنے خون کے ذریعے اپنی تباہ شدہ عزت کو دوبارہ حاصل کیا اور ظالم سلاطین کے ہاتھوں پامال شدہ عظمت کو بازیاب کیا۔ میں جب اس دنیا سے چلے جانے والے جوان لڑکوں اور لڑکیوں، جنہوں نے بڑی دلیری کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا اور کررہے ہیں کے جذبے کے بارے میں غور کرتا ہوں تو مجھے اپنے بارے میں شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔ مجھے ان تمام مشکلات اور مصائب میں آپ کے ساتھ ہونا چاہیے جو آپ لوگوں نے برداشت کی ہیں ۔ افسوس کہ میں آپ لوگوں کے درمیان نہیں رہ سکا اور جو آپ لوگوں نے جھیلا اسے نہ جھیل سکا۔ لیکن آپ سے دور رہ کر بھی میری آنکھوں میں آپ کی وجہ سے ٹھنڈک ہے اور میرا دل امت اسلامی کیلئے دھڑکتا ہے۔
صحیفہ امام، ج ۳، ص ۴۸۱؛ عراق سے نکلنے کی مناسبت سے ملت کے نام، امام خمینی ؒ کا پیغام