ولایت فقیہ مہدویت پر مبنی ہے، حجت الاسلام محمدی لائینی
حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، ایران مازندران میں رہبر معظم انقلاب کے نمائندے حجت الاسلام و المسلمین محمدی لائینی نے انجمن علمی مہدویت حوزہ علمیہ قم کے ممبر حجت الاسلام نصر اللہ پور سے ملاقات کے دوران یہ بیان کرتے ہوئے کہ اسلامی نظام ولایت فقیہ کے نظام پر مبنی ایک نظام ہے، کہا کہ ولایت فقیہ کا نظام مہدویت پر مبنی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر سیاسی ،اقتصادی ،ثقافتی اور اسی طرح غیبی امداد ،ثقافت مہدویت ، اعتقاد دعا اور توسل کے نقطہ نظر سے امام الزمان علیہ السلام کی طرف ہمارا رجحان بڑھ جائے تو معاشرتی اور ثقافتی نقصانات کم ہوجائیں گے۔
مازندران میں رہبر معظم انقلاب کے نمائندے نے اسلامی معاشرے میں انتظار اور مہدویت کی ثقافت کی مضبوطی کو اسلام اور انقلاب کے دشمنوں کی کمزوری کا ایک اہم عنصر جانا اور کہا کہ مہدویت کی ثقافت طاقت کا اصل مرکز ہے جس پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔
امام جمعہ شہر ساری نے اپنی گفتگو میں معاشروں خصوصاً حوزہ علمیہ اور یونیورسٹیوں میں مہدویت کے کلچر کو تقویت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علمی مراکز کو اس اہم دینی اور مذہبی مسئلے پر زیادہ سے زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
حجت الاسلام والمسلمین لائینی نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ اسلامی معاشرے کو انتظار اور مہدویت کی ثقافت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے ، واضح کیا کہ اس اصل ثقافت کو فروغ دینا اور پھیلانا دشمنوں سے مقابلہ کرنے کا ایک اہم حل ہے۔
امام جمعہ شہر ساری نے بیان کرتے ہوئے کہ مہدویت کی ثقافت کو مختلف معاشرتی سطح پر پھیلانے کی ضرورت ہے، مزید کہا کہ ہمیں اس طرح کے اہم دینی امور کو صرف کچھ مذہبی محفل و مجالس تک محدود نہیں رکھنا چاہیے۔
حجت الاسلام والمسلمین لائینی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ہمیں معاشرے کو زیادہ سے زیادہ مذہبی اور معنوی امور کی طرف راغب کرنے کا منصوبہ بنانا ہوگا ،کہا کہ ہمارے پاس فکری اور مذہبی طور پر بے راہ روی کے شکار افراد کو جذب کرنے کے لئے ایک بہترین منصوبہ ہونا چاہیے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ مہدویت سے متعلق جن موضوعات کا انتخاب کیا جائے وہ روز مرہ کی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے، مزید کہا کہ اس سلسلے میں ضروریات کی تشخیص بہت ضروری ہے اور ہمیں یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ ہمارے سامعین اور مخاطبین کو کیا ضرورت ہے اور اسی ضرورت کے مطابق مواد پیش کریں۔