اسرائیل کے ساتھ جنگ کی مثال یزید کے ساتھ امام حسین (ع) کی جنگ کی مثال ہے: شیخ عیسی قاسم
ابنا۔ فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، بحرینی شیعوں کے رہنما، شیخ عیسی قاسم نے شب عاشور کے موقع پر ایک تقریر میں کہا تھا کہ اگر ہم امام حسین(ع) کی پیروی کرتے ہیں تو ہمیں صہیونیوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہونا چاہئے۔
المنار ویب سائٹ کے مطابق، انہوں نے کہا: "امام حسین (ع) نے یزید کے ساتھ سمجھوتہ کرنے سے انکار کر دیا اور اس کے ظلم کے خلاف بغاوت کی اور جو بھی حسین (ع) کے محاذ پر ہے اسے یہودیوں کے خلاف جنگ میں شامل ہونا چاہئے اور اسرائیل کے ساتھ سمجھوتہ نہیں کرنا چاہئے۔"
بحرین کی صورتحال کے بارے میں، شیخ عیسی قاسم نے کہا کہ اس ملک میں ہر سال ، امام حسین کے منبر کے خلاف یکطرفہ اور سیاسی جنگ لڑی جاتی ہے اور ہم امام حسین (ع) کو کہتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ ہیں، آپ کے دشمنوں کے ساتھ نہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا، "یہ شیعوں اور سنیوں کی بات نہیں ہے، جو جنگ کل تھی وہی آج بھی ہے ایک گروہ اپنے کردار کی وجہ سے واصل جہنم ہوا اور ایک گروہ بہشت بریں میں وارد ہوا۔ اور آج ہمیں بھی ایک امتحان کا سامنا ہے۔"
عبد الملک الحوثی: امریکہ اور اسرائیل اس وقت کے یزیدی ہیں
فارس نیوز ایجنسی کے مطابق، یمن کی اسلامی تحریک انصار اللہ کے رہنما "سید عبد الملک بدرالدین الحوثی" ، نے عاشورہ حسینی کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کی مذمت کی ہے جس میں متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین حالیہ معاہدے بھی شامل ہیں۔
اتوار کے روز اپنی تقریر کے دوران ، انہوں نے کچھ ممالک کی موجودہ صورتحال کو اموی دور سے تعبیر کرتے ہوئے امام حسین (ع) کی تحریک کو حقیقی اسلام قرار دیا اور کہا کہ اموی حکمرانوں نے اسلام کو ایک ایسے مذہب میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جس میں کوئی حق کو حق اور باطل کو باطل نہیں کہہ سکتا تھا۔
انہوں نے کہا: "خداوند عالم نے امام حسین (ع) کے باوفا ساتھیوں کی کوششوں، قربانیوں اور جانفشانیوں سے حقیقی اسلام کو بچایا۔
عبد المالک الحوثی نے مزید کہا، "یمنی عوام وقت کے یزید امریکہ اور اسرائیل کے سامنے ہرگز نہیں جھکیں گے اور سعودی عرب اور عرب امارات جیسے منافقوں کی صف میں کبھی شامل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے امام حسین (ع) کی راہ کو اسلام کا صحیح راستہ قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ راستہ ہے جو امن ، آزادی ، اور دشمنوں کے تسلط سے آزادی دلاتا ہے اور امت مسلمہ کے لئے اسکی پیروی ضروری ہے۔