شہید قاسم سلیمانی نے امت اسلامی کو داعش سے نجات دلائی: آیت اللہ مکارم شیرازی
ابنا۔ پاکستان کے اہل سنت علمائے کرام کے ساتھ ایک ملاقات میں آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی نے کہا: "آج کے مغربی میڈیا نے ایران کے خلاف اس قدر پروپیگنڈہ کر رکھا ہے کہ دنیا کو ایران سے متعلق ٹھیک جانکاری حاصل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، لیکن آپ کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ آپ مسائل اور حقائق کا اچھی طرح سے تجزیہ کررہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج کی اسلامی دنیا کے پاس تمام وسائل ہونے کا باوجود مشکلات دامن گیر ہیں کہا: اتحاد مسلمانوں کی سب سے اہم ضرورت ہے، اگر مسلمانوں میں اتحاد اور ہمدردی ہے تو کوئی طاقت ، چاہے وہ امریکی ہو یا غیر امریکی ، مسلمانوں پر غالب نہیں آ سکتی ہے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے وفد کے سربراہ سے کہا: آپ ایک ایسی جماعت کے سر پر ہیں جس کا مشن اتحاد پیدا کرنا ہے، اللہ تعالٰی نے آپ کو جو عظیم کامیابی عطا کی ہے اس کی قدردانی کریں۔
آپ نے اپنی گفتگو کے دوسرے حصے میں، اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ شہید قاسم سلیمانی اتحاد کے داعی تھے اور انہوں نے داعش کے شر سے علاقے کو نجات دلائی کہا: اسی وجہ سے امریکہ نے انہیں قتل کرنے کا اقدام کیا اور شہید کر دیا۔
انہوں نے کہا ، "ہمارے لوگ پاکستان کے عوام سے بہت زیادہ پیار کرتے ہیں اور انہیں سچے معنیٰ میں دوست رکھتے ہیں۔ اس لیے کہ آپ لوگ مخلص ہیں اور عظمت اسلامی کے خواہاں ہیں۔
انہوں نے شیعہ سنی قربت کو اتحاد کے اہم عناصر میں سے قرار دیا اور کہا: اسلامی جمہوریہ ایران میں آنے والے بہت سارے وفد اعتراف کرتے ہیں کہ ہمارے ملک کی حقیقت وہ نہیں ہے جو میڈیا پیش کرتا ہے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے مزید تاکید کی کہ عالم اسلام کے علماء جتنا ایک دوسرے کے ساتھ قریبی رابطے رکھیں گے اتحاد کی بنیادوں مزید مستحکم اور مضبوط ہوں گی۔
انہوں نے مزید کہا: "اگر امت اسلامیہ نے دشمن کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تو وہ یقینی طور پر کامیابی حاصل کرے گی، عراقیوں نے امریکیوں کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ عزم انتہائی قابل تعریف ہے اور ظاہر ہے کہ مختلف شعبوں میں توسیع پذیر ہے۔"
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ آج دنیا کو یہ یقین ہوچکا ہے کہ تکفیری انسانیت کے دشمن ہیں، کہا: ہمیں اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہئے اور اتحاد کی بنیادوں کو مستحکم کرتے رہنا چاہیے، ہمیں دشمن کے منصوبوں کو بخوبی جاننا چاہئے اور ان کے خلاف ڈٹ جانا چاہیے۔
آیت اللہ مکارم شیرازی نے کہا کہ امریکہ نے اسلامی ایران کے خلاف سخت ترین اور بے مثال پابندیاں عائد کردی ہیں ، انہوں نے مزید کہا: ان کا خیال تھا کہ ایران ٹوٹ رہا ہے لیکن اب وہ ایرانیوں کی مزاحمت کو دیکھ رہے ہیں۔