اسلامی مزاحمت جاری رہے گی، مجرموں سے سخت انتقام لیا جائیگا
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی تمامتر مسلح افواج کے کمانڈر انچیف و سپریم لیڈر آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے سپاہِ قدس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کے حوالے سے دیئے گئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہادت جنرل قاسم سلیمانی کی تمامتر سالوں میں انتھک اور نہ رکنے والی کوششوں کے جواب میں انکا حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل قاسم سلیمانی کے شہید ہو جانے کی وجہ سے انکا کام نہیں رکے گا اور نہ ہی انکا رستہ مسدود ہوگا بلکہ جنرل قاسم سلیمانی اور ان کے متعدد ساتھیوں کے خون میں ہاتھ رنگنے والے مجرموں سے سخت انتقام لیا جائیگا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی عالمی سطح پر اسلامی مزاحمتی محاذ کا ایک معروف چہرہ جبکہ اسلامی مزاحمت کے تمامتر محبّ انکے خون کے طلبگار ہیں۔
آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے پیغام کا مکمل متن درج ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
عزیز ایرانی قوم!
عظیم و باافتخار سردار آسمانی ہوچکے ہیں۔ گذشتہ رات شہداء کی ارواح نے شہید قاسم سلیمانی کی پاک روح کو اپنی آغوش میں لے لیا ہے۔ پوری دنیا کے شیطانوں اور اوباشوں کیساتھ مقابلے کے میدان میں سالہا سال سے جاری انکی مخلصانہ اور دلیرانہ جدوجہد اور شہادت کی انکی آرزو نے بالآخر عزیز قاسم سلیمانی کو اس اعلیٰ مقام تک پہنچا دیا، جبکہ ان کا مقدس خون دنیا کی شقی ترین قوت کے ذریعے زمین پر بہایا گیا۔ ہم اس عظیم شہادت پر حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف و علیہ السلام)، جن پر ہماری روحیں فدا ہو جائیں، اور خود شہید کی روح کو تبریک اور پوری ایرانی قوم کو تسلیت عرض کرتے ہیں۔ وہ اسلام اور مکتبِ خمیتیؒ کے تربیت یافتہ افراد کا ایک ممتاز نمونہ ہیں۔ خدا کے حول و قوۃ کیساتھ انکے رحلت کر جانے سے انکا کام نہیں رکے گا اور نہ ہی انکا رستہ مسدود ہوگا بلکہ گذشتہ رات کے حادثے میں شہید ہو جانے والے شہداء کے مقدس خون سے اپنے ہاتھ رنگنے والے مجرموں سے شدید انتقام لیا جائے گا۔ شہید قاسم سلیمانی عالمی سطح پر اسلامی مزاحمت کا ایک معروف چہرہ جبکہ اسلامی مزاحمت کے تمامتر محبّ انکے خون کے طلبگار ہیں۔ تمام دوست و دشمن یہ جان لیں کہ اسلامی مزاحمتی محاذ پہلے سے کہیں زیادہ جوش و جذبے کیساتھ اپنی جدوجہد جاری رکھے گا جبکہ آخری فتح انہی مجاہدین کیلئے ہے۔ ہمارے جانثار اور عزیز جنرل قاسم سلیمانی کا فقدان ہمارے لئے تلخ ضرور ہے، لیکن اس جدوجہد کا تسلسل اور آخری فتح تک اس کی رسائی قاتلین و مجرمین کیلئے کہیں زیادہ تلخ تر ہوگی۔
ایرانی قوم شہید عالی مقام جنرل قاسم سلیمانی اور انکے ہمراہ شہید ہونیوالے عالم اسلام کے دوسرے شہداء خصوصاً جناب شہید ابو مھدی المھندس کو کبھی نہیں بھولے گی۔ اس حوالے سے میں ملک میں 3 دن کے عمومی سوگ کا اعلان کرتا ہوں اور شہید کے اہلخانہ اور رشتہ داروں کو تبریک و تسلیت عرض کرتا ہوں۔
سید علی خامنہ ای
3 جنوری، 2020ء۔