امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ کو منہ توڑ جواب دیا جاے گا: جنرل حسین سلامی
سپاہِ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ نے اس بات کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمن آج پورے خطے میں فتنے کی آگ بھڑکا کر ہمارے جوانوں کو فریب اور ہمارے شہروں کو جلا کر خاک کر دینا چاہتا ہے، تاکید کی کہ اگر امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ نے مزید فتنہ پھیلانا بند نہ کیا تو ہم انکے مفادات کو نشانہ بنائیں گے۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے انقلابی گارڈز "سپاہِ پاسداران" کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے ایرانی دارالحکومت تہران کے جنوب میں واقع "شہر رَی" میں مختلف قسم کے توسیعی منصوبوں کا افتتاح کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو جس قدر دھمکیوں اور خطرات کا سامنا ہے، اس قدر کسی اور قوم کو خطرات اور دھمکیوں کا سامنا نہیں ہوا، لیکن اسلامی جمہوریہ ایران کی عظیم قوم دشمنوں کو مایوس کرنے میں انتہائی ماہر ہے اور یہ جانتی ہے کہ انکے ملک کی تمامتر اقتصادی مشکلات انکے دشمنوں کیطرف سے ظالمانہ اقتصادی پابندیوں کے لاگو کرنے کی وجہ سے ہیں، لہذا وہ ان مشکلات کے حل کیلئے اپنے اوپر پابندیاں عائد کرنے والی قوتوں کیطرف ہرگز رجوع نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج دشمن عقب نشینی کرنے پر مجبور ہوچکا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ اسلامی مزاحمتی محاذ کیلئے مختلف قسم کی مشکلات کھڑی کرنا چاہتا ہے، جن میں سے ایک اسلامی جمہوریہ ایران میں فتنہ و فساد اور ہرج و مرج کی کیفیت پیدا کرنا ہے، لیکن انہیں یہ جان لینا چاہیئے کہ ایرانی قوم اپنی آگاہی کے ذریعے انکی تمام تر مذموم سازشوں کو ناکام بنا دے گی۔
سپاہِ پاسداران کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایرانی قوم اس بات سے بخوبی آگاہ ہے کہ دشمن صرف اور صرف یہ چاہتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران گھٹنے ٹیکنے اور اپنے موقف سے پیچھے ہٹنے پر مجبور ہو جائے، جس کی خاطر وہ ملک کے اندر بھوک اور ہرج و مرج پھیلانا چاہتا ہے، لیکن وہ جان لے کہ اس کی یہ مذموم کوشش کبھی کامیاب نہیں ہوگی۔ انہوں نے حال ہی میں ملک کے اندر پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے بہانے سے برپا کئے جانے والے ہنگاموں اور فتنہ و فساد کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے بہترین موقع پر میدان میں حاضر ہو کر فتنے کی اس آگ کو بجھا دیا، البتہ خطے کی دشمن طاقتیں اور حکومتیں جو ان فتنوں کی پشت پناہی میں مصروف ہیں، یہ جان لیں کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ہاتھوں اپنے برے اعمال کی سزا ضرور پائیں گی۔ جنرل حسین سلامی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور برطانیہ سن لے کہ اگر انہوں نے مزید فتنہ پھیلانا بند نہ کیا تو ہم انکے مفادات کو نشانہ بنائیں گے۔