ایران پابندیاں عائد کرنے والوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتا رہے گا
ابنا۔ اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ ایران پابندیاں عائد کرنے والوں کے مقابلے میں اپنی استقامت و پامردی جاری رکھے گا اور ایرانی عوام آخری دم تک دشمنوں کے مقابلے میں اپنی عزت و خود مختاری کا دفاع کریں گے ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دشمن نے گذشتہ دو سال کے دوران ایرانی عوام کے خلاف انتہائی سخت پابندیاں عائد کی ہیں کہا کہ جن ملکوں نے پابندیاں عائد کی ہیں ایران ان کے مقابلے میں استقامت و پامردی جاری رکھے گا -
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کو تہران میں بیمہ و ترقی کے چھبیسویں اجلاس میں اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل نے ایٹمی معاہدے سے نکلنے کے لئے امریکا پر سب سے زیادہ دباؤ ڈالا اور ان کے ہی کہنے پر امریکا نے تہران کے خلاف شدیدترین پابندیاں عائد کیں -
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے عوام اپنے ملک کی عزت و خود مختاری کے لئے دشمنوں کے مقابلے میں خون کے آخری قطرے تک ڈٹے رہیں گے -
انہوں نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ ایران نے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کیا ہے کہا کہ اگر امریکا غیرقانونی ، غلط ، ظالمانہ اور دہشت گردانہ پابندیاں ختم کردے تو پانچ جمع ایک گروپ کے رکن ممالک اورایران کے سربراہان مملکت آپس میں ملاقات کرسکتے ہیں -
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران میں پچھلے دنوں بلوے اور بدامنی پھیلانے والوں کے تخریبی اقدامات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ ان بلوائیوں نے خود اعتراف کیا ہے کہ انہوں نے منظم اور منصوبہ بند طریقے سے ان بلوؤں میں حصہ لیا تھا -
دوسری جانب سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایرانی عوام ہوشیار اور بیدار ہیں اور حالیہ واقعات میں انہوں نے بہت ہی ہوشیاری کے ساتھ خود کو بلوائیوں سے الگ کرلیا -
جنرل حسین سلامی نے تہران میں رضاکارفورس بسیج کے بانوے ہزار شہدا کی یاد میں منعقدہ ایک سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر دشمن کوئی حرکت کرنے کی کوشش کریں گے تو ہم ان کا سرکچل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے گذشتہ ہفتوں کے دوران سامراج اور خاص طور پر امریکا کے منہ پر زور دار طمانچہ رسید کیا -
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ دشمن حالیہ فتنوں کے دوران ایرانی عوام سے ملنے والی پئے در پئے شکستوں کا حساب برابر کرنا چاہتا تھا کہا کہ دشمن ایران پر زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالنے کی پالیسی کو ملک کے اندرونی واقعات سے جوڑنے کی کوشش کررہے تھے لیکن عوام کی ہوشیاری سے وہ اپنا کوئی مقصد حاصل نہیں کرسکے -
جنرل حسین سلامی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ ایرانی عوام نے گذشتہ چالیس برسوں کے دوران اپنی قومی اور اسلامی اقدار کا بھرپور دفاع کیا ہے کہا کہ ایران پوری استقامت و پائیداری کے ساتھ اپنا راستہ جاری رکھے گا اور جلد ہی دنیا کی ایک بڑی طاقت میں تبدیل ہوجائے گا انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ عالم اسلام اس وقت انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہے کہا کہ شامی ، یمنی اور عراقی عوام آج امریکا ، صیہونی حکومت اور آل سعود کے مقابلے میں ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنی خود مختاری کا دفاع کررہے ہیں ۔
میجر جنرل سلامی نے کہا کہ علاقے کے عوام امریکا کوگوشہ نشین اور ذلیل کردیں گے اور امریکا آہستہ آہستہ عالمی جغرافیا کے نقشے پر بالکل حاشیے پر چلا جائے گا ۔