9/ربیع الاول خوشی کا دن کیوں ہے؟
ربیع الاول کی نویں تاریخ سرور و شادمانی اور جشن و مسرت کی تاریخ ہے۔ یہ تاریخ عالم انسانیت کے لئے بہت ہی عظیم اور یادگار ہے۔ اگرچہ اس تاریخ کو شیعوں کی عظیم عید کے نام سے جانا گیا ہے کہ یہ دن اور تاریخ عالم انسانیت کے لئے عید کی تاریخ ہے۔ رسولخدا (ص) نے اس دن کو عید قرار دیا هے اور لوگوں کو بھی حکم دیا ہے کہ اس دن عید منائیں اور جتنی خوشی ہوسکے منائیں؛ کیونکہ اس دن عالم انسانیت اور جہان بشریت کو نجات دلانے والے کی تاج پوشی ہوئی ہے۔ یعنی رسولخدا (ص) کے جانشین اور شیعوں کے بارہویں امام خلافت الہیہ کی مسند پر جلوہ گر ہوئے ہیں۔ آج کے دن امامت اور ولایت کی منزل پر فائز ہوئے ہیں۔
یہ دن خوشی کا دن کیوں ہے تو اس کی وجہ یہ ہے کہ آج کے دن ہمارے اور آپ کے امام زمانہ حضرت حجت بن الحسن العسکری (عج) کی تاج پوشی ہوئی ہے اور منصب امامت پر فائز ہونے کا پہلا دن ہے۔ یہ دن بہت ہی عظیم اور با برکت ہے۔ آج کے دن امامت اسے ملی ہے جو عالم انسانیت کو ہلاکت اور تباہی سے نجات دلائے گا۔ آج اس عظیم ہستی کے خلافت کی جلوہ گری ہوئی ہے جو دنیا سے ظلم و جور کی بساط لپیٹ دے گا اور ہر طرف امن و امان اور عدل و انصاف کا پرچم لہرا دے گا۔ شیعوں سے ہٹ کر عام مسلمانوں کا عقیدہ کچھ اور ہی ہے۔ بلکہ عوام کے ذہنوں میں کچھ اور ہی بیٹھا دیا گیا ہے جبکہ ایسا نہیں ہے۔
ہم ان تمام بے خبر اور ناداں افراد کو دعوت فکر و نظر دیتے ہیں کہ اس تاریخ کا تعصب کی عینک اتار کر انصاف کے ساتھ بغور مطالعہ کریں اور اپنی عوام اور اپنے لوگوں تک رسولخدا (ص) کی خوشی کے اسباب کو ایمانداری کے ساتھ پہونچائیں اور باطل و بیہودہ خیالات اور فاسد نظریات کی اصلاح کریں۔ آج ے دن کی اس عظیم خوشی میں جشن منائیں، اچھے کھانوں کا انتظام کریں خود بھی کھائیں اور دوسروں کو بھی کھلائیں، پاک و پاکیزہ لباس پہنیں اور اگر ممکن ہو تو لباس نو زیب تن کریں۔ شیرینی تقسیم کریں۔ ہم تو وہی کرتے ہیں جو رسولخدا (ص) اور آپ کے اہلبیت (ع) نے اس دن کے بارے میں بتایا ہے کہ ہماری خوشی میں خوشی مناؤ اور ہمارے غم میں غم مناؤ۔
ہمارے امام زمانہ (عج) اور عالم انسانیت کے منجی ہی وہ پہلے معصوم ہیں جن کا نام حضرت محمد (ص) اور کنیت آپ (ص) کی کنیت ہے۔ یہی وہ امام ہیں جو 5/ سال کی عمر میں امامت کے ظاہری منصب پر فائز ہوئے۔ لہذا ہم آج کے دن اپنے امام زمانہ (عج) کی تاج پوشی کی وجہ سے خوشی مناتے ہیں، ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ الزام تراشی کرنے والوں اور افتراء پردازی کرنے والوں سے گزارش ہے کہ منصف مزاجی اور عادلانہ طریقہ سے اس تاریخی حقیقت کا مطالعہ کریں اور اپنے واہیات افکار و خیالات کی اصلاح کریں۔
امام خمینی (رح) فرماتے ہیں: اس طرح کے سارے ایام ایام اللہ ہیں لہذا ایام اللہ کی آمد پر اس دن کے تقاضوں کو پورا کرنا چاہیئے۔ ان کی قدر جاننی چاہیئے اور ان ایام اللہ کی برکتوں اور سعادتوں نیز لامتناہی فیوضات سے بہرہ مند ہو کر انسان بنیں اور دوسروں کو بھی انسانیت کی دعوت دیں۔