Rahmat

رحمت الہی کی امید

شیطان کا سب سے بڑا وسوسہ انسان کو رحمت حق اور مغفرت الہی سے مایوس کرنا ہے

امام خمینی (رح) کی اخلاقی اور تربیتی نصیحتیں

رحمت الہی کی امید

خداوند سبحان کی رحمت واسعہ سے ناامیدی اور اس سے مایوس ہونا گناہ کبیرہ ہے کہ نفس کے اندر اس سے زیادہ برا اثر رکھنے والا کوئی گناہ نہیں ہے۔ رحمت خداوندی سے مایوس انسان کے دل کو ظلمت و تاریکی اس طرح سے گھیر لیتی ہے اور اس طرح سے بے لگام ہوجاتا ہے کہ کسی چیز سے اس کی اصلاح ممکن نہیں ہوتی۔ لیکن ایسا نہ ہو کہ رحمت حق سے غافل ہوجاؤ اور اس کے گناہ اور نتائج تمہاری نظر میں بڑی جلوہ گر ہوجائیں۔ رحمت حق ساری چیزوں سے بڑی اور سب کو شامل ہے۔ "حق کی عطا کو قابلیت کی شرط نہیں ہے۔" (شرح چہل حدیث، ص 278)

شیطان کا سب سے بڑا وسوسہ انسان کو رحمت حق اور مغفرت الہی سے مایوس کرنا ہے، جس طرح اس کی ایک روش توبہ کو تاخیر میں ڈالنا  اور یہ کہنا ہے کہ ابھی نوجوان ہو کافی وقت ہے توبہ کرلینا، ہے۔ شیطان اپنے ان وسوسوں سے انسان کو جہنم کی کھائی میں لے جاتا ہے اور اس طرح سے فقر و فلاکت، بے چارگی اور ناامیدی کا شکار بنادیتا ہے اکہ پھر انسان کے پلٹنے کی کوئی راہ باقی نہیں رہ جاتی۔

اس لحاظ سے امام خمینی (رح) دیگر مقامات پر اس روش کو نفس امارہ اور شیطان کہتے ہوئے فرماتے ہیں:

اے عزیزو! کہیں ایسا نہ ہو کہ شیطان اور نفس امارہ تم پر مسلط ہوجائیں اور تمہیں وسوسے میں ڈالیں اور بات کو بڑا دکھائیں اور تمہیں توبہ کرنے سے روک دیں۔ جان لو کہ اس امر میں خواہ کچھ دیر کے لئے ہو، اقدام بہتر ہے۔ یعنی جتنا جلدممکن ہو توبہ کرو اور خود کو گناہوں سے پاک کرلو اور خدا سے مغفرت کا سامان فراہم کرلو۔

دوسری طرف شیطان خدا تک پہونچنے کی راہ کو سخت اور دشوار بنادیتا ہے اور خدا تک پہونچنے کے راستہ کو انسان کے لئے بند کردیتا ہے(شیطان، خدا کی بندوں کا ہر قدم اور ہر آن دشمن ہے اس دشمن سے ہمیشہ چوکنا اور ہوشیار رہو) جبکہ خالق کائنات تک رسائی کا کوئی راستہ دشوار نہیں ہے اور نہ ہی بند ہے۔ بلکہ قرآن کی روشنی میں  وہ ذات اقدس ہماری شہہ رگ گردن سے قریب ہے۔

اے عزیزو! حق کا راستہ آسان ہے لیکن کسی حد تک توجہ درکار ہے اور اقدام کرنا چاہیئے، ٹال مٹول کرکے وقت گذارنا اور گناہ کا بوجھ بڑھانا سخت کام ہے۔ لیکن امر کے لئے اقدام کرنا، امر و نفس کی اصلاح کا عزم راہ کو نزدیک اور کام کو آسان بناتا ہے۔ آپ تجربہ کریں اور اقدام کریں۔ اگر نتیجہ مل جائے اور بات کی صداقت ثابت ہے ورنہ فساد کی راہ کھلی ہوئی ہے اور گنہگار ہاتھ دراز ہے۔

خداوند عالم ہم سب کو گناہوں سے بچنے اور توبہ و انابت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ آمین۔

 

ای میل کریں