نہتے عوام کیخلاف صدام کیلئے مغربی ممالک کی بھرپور حمایت اور کیمیائی ہتھیار کبھی نہیں بھولیں گے
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے عراقی سرحد کے قریب واقع ایرانی شہر "سردشت" کے بیگناہ عوام پر سابقہ عراقی آمر صدام حسین کی طرف سے کئے گئے خوفناک کیمیائی حملوں کی سالگرہ کے موقع پر اپنے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ہم 28 جون کے دن سابقہ عراقی آمر صدام حسین کی طرف سے "سردشت" کے رہائشی بیگناہ ایرانی عوام پر مہیب کیمیائی حملوں کی یاد دہانی کرواتے ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اس بات کو ہم کبھی نہیں بھولیں گے کہ یہ مغربی ممالک ہی تھے، جنہوں نے اس وقت نہتے ایرانی عوام کے خلاف عراقی آمر صدام حسین کے ہر قسم کے جارحانہ اقدام کی نہ صرف کھلی حمایت کی بلکہ نہتے ایرانی شہریوں کو نشانہ بنانے کے لئے اسے کیمیائی ہتھیار بھی فراہم کئے تھے، جبکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے صدام حسین کی طرف سے ایرانی عوام پر کئے گئے کسی کیمیائی حملے کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے تب بھی اپنی قوم کا دفاع کیا تھا اور اب بھی اپنی قوم کے دفاع میں کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔
سعودیہ کو حجاج کی تکریم اور سکیورٹی پر توجہ مبذول کرنی چاہیے
رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای سے آج حج کے امور میں ولی فقیہ کےنمائندے اور حج اہلکاروں نے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات ہر سال حجاج بیت اللہ الحرام کے سرزمین وحی پر روانہ ہونے سے قبل انجام پذیر ہوتی ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے ایرانی حجاج کے سرپرست اور حج اہلکاروں کے ساتھ ملاقات میں حج کو ایک سیاسی ، عبادی اور دینی فریضہ قراردیتے ہوئے فرمایا: حج مسلمانوں کے باہمی اتحاد اور یکجہتی کا بہترین مظہر ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا: آج امریکہ کی اسلام اور مسلمانوں کے ساتھ دشمنی واضح اور نمایاں ہے اگر آپ حج کے موسم میں امریکہ کی دشمنی کو مسلمانوں کے سامنے بیان نہیں کریں تو پھر کہاں بیان کریں گے۔
رہبر معظم انقلاب اسلامی نے فرمایا: جن لوگوں کے پاس حج کے انتظامی امور ہیں انھیں حجاج بیت اللہ الحرام کے ساتھ اسلامی اور انسانی رفتار سے پیش آنا چاہیے۔ اور اللہ تعالی کے مہمانوں کی تعظيم اور تکریم کرنی چاہیے۔