ارنا – صدر مملکت اسلامی جمہوریہ ایران نے نیوزی لینڈ کی مساجد میں نہتے مسلمانوں پر دہشتگردی اور نسل پرستی پر مبنی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس واقعے نے ایک بار پھر اس بات کا تقاضا کردیا کہ اسلام فوبیا کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کرائسٹ چرچ (نیوزی لینڈ) میں مساجد پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مغربی ممالک میں بڑھتے ہوئے اسلام فوبیا کے عزائم کا سب کو مل کر مقابلہ کرنا ہوگا۔
ایرانی صدر نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مسلمانوں کا بے دردی سے قتل عام نے دنیا بھر کے مسلمان، حریت پسند اقوام بالخصوص ایرانی عوام کے دلوں کو مجروح کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس سفاک دہشتگردی میں متعدد مسلمان شہید اور زخمی ہوئے، بدقسمتی سے بعض مغربی ممالک کی سرپرستی میں اسلام فوبیا کو فروغ دیا جارہا ہے لہذا اس جیسی دہشتگردی کا ہر حال میں مقابلہ کرنا ہوگا۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے بعض مغربی میڈیا نے غیرپیشہ وارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اس ہولناک واقعے کو کوئی اور رنگ دیا جس سے مزید نسل پرستی اور امتیازی سلوک سامنے آتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں مساجد پر دہشتگردی اس بات کا ثبوت ہے کہ دہشتگردی اب بھی ایک اہم عالمی چیلنج ہے لہذا اس لعنت کے خاتمے کے لئے تمام ممالک بالخصوص مسلم ریاستوں کو ایک ہونا پڑے گا۔
صدر روحانیہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران دہشتگردی اور نسل پرستی کے خلاف جنگ کے لئے پُرعزم ہے اور ہمیں یقین ہے کہ امت مسلمہ کے درمیان اتحاد اور مشترکہ حکمت عملی سے ایسی تمام سازشوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والے دہشتگردی انتہائی افسوس ناک ہے ، اس دہشتگردانہ حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ علامہ ساجد نقوی کا مزیدکہنا تھاکہ دہشتگردوں کا کوئی دین و مذہب نہیں ہوتا دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں جنہوں نے آج نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ کی النور اور لین وڈ مسجد میں نمازیوں کو نشانہ بناتے ہوئے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اب تک 40 سے زائد افراد کی شہادت کی اطلاعات ہیں ۔قائدملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی نے نیوزی لینڈ میں دو مساجد حملہ میں قیمتی جانی ضیاع پر افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ریاست کو چاہیے کہ وہ مساجد پر حملہ آوروں کو گرفتار کرئے اور قانون کے کٹہرے میں لاکر سخت سزادینے کےساتھ ساتھ نیوزی لینڈ میں قائم مساجد اور وہاں پر بسنے والے مسلمانوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنا ئے۔
امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری عارف حسین نے کرائسٹ چرچ نیوزی لینڈمیں مسجد پر انتہا پسندوں کے حملوں میں 50سے زائد مسلمانوں کو نفرت کانشانہ بنانے پر گہرے دکھ ار افسوس کا اظہار کیا ہے ۔عارف حسین نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مغربی دنیا میں ایک منظم سازش کے تحت اسلام فوبیا اور اسلام دشمنی پر مبنی پالیسیوں کو فروغ دیا جارہا ہے ۔نیوزی لینڈ میں انتہا پسندی کا دردناک سانحہ اسلام فوبیا کی کڑی ہے ۔داعش ہو یا کوئی بھی انتہا پسند طاقت اسلام کے روشن چہرے کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش میں ملوث نظر آتے ہیں مغربی میڈیا کی غلیظ پروپیگنڈہ کے باوجود اسلام یورپی دنیا میں پھیلتا جائے گا آئندہ پچاس سالوں میں یورپ میں اسلام تیزی سے پھیل چکا ہوگا اس حقیقت نے مغربی سیکولر طاقتوں کو خوفزدہ کر دیا ہے اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں انہو ں نے مزید کہا کہ عالمی سامراج اسلام فوبیا کو دنیا میں فروغ دے رہا ہے جس کے تدارک کے لئے عالم اسلام کو عالم کفر کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔