ابنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلاب کی 40 ویں سالگرہ کی کی مناسبت سے مختلف شعبہ ہائے زندگی اور قوموں سے تعلق رکھنے والے ایرانی عوام کل صبح سویرے ہی سڑکوں پر نکل آئے جبکہ صبح 9 بجے ملک گیرریلیوں کا آغازہوا جن میں لاکھوں ایرانی مرد،عورتیں ،بچے اور بوڑھے شریک ہیں۔ ایران کے مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات اور ریلیوں میں حکومتی ارکان، مسلح افواج کے حکام، علمائے کرام ، مذہبی رہنما اور اہم شخصیات بھی شریک ہیں۔
ریلی کے شرکاء اسلام، مسلمانوں کے مابین اتحاد وحدت، انقلاب، رھبرانقلاب اسلامی کے حق میں اور اسی طرح امریکہ اور اسرائیل کے خلاف فلک شگاف نعرے لگا رہے ہیں۔ اس حوالے سے بڑی تقریب تہران کے آزادی اسکوائرمیں ہوگی جہاں صدر مملکت حسن روحانی ریلیوں کے اختتام پرعوامی اجتماع سے خطاب کریں گے۔
ملک بھر میں ہونے والی جشن آزادی کی تقریبات میں ملی نغمے، اور ملکی ثقافت کے فروغ پرمبنی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہاہے۔ بلاشبہ آج22 بھمن یعنی 11 فروری پوری ایرانی قوم کے لیے خوشی و مسرت کا دن ہے کیونکہ اس روز ایران نے ایک ظالم اور سامراجی حکومت سے آزادی حاصل کی تھی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی طرح دنیا کے کئی ممالک من جملہ شام،لبنان،عراق، افغانستان، ہندوستان و پاکستان اور ان ممالک کے زیر انتظام کشمیرمیں انقلاب اسلامی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر سیمینار،کانفرنس اورمختلف قسم کی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں جبکہ انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے پاکستان کے دوسرے شہروں کی طرح گلگت بلتستان میں بھی ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آغا راحت حسین الحسینی نے کہا کہ انقلاب اسلامی مظلوم اور ستم رسیدہ عوام اور اقوام کیلئے امید کی کرن ہے۔
آغا راحت حسین الحسینی کا کہنا تھا کہ ایران کا اسلامی انقلاب مسلم اقوام کیلئے نمونہ عمل ہے،حضرت امام خمینی ؒ نے اللہ پر توکل کرکے اڑھائی ہزار سالہ شہنشاہیت کا تختہ الٹا، انقلاب اسلامی مظلوم اور ستم رسیدہ عوام اور اقوام کیلئے امید کی کرن ثابت ہوا۔ آج دنیا بھر میں مستکبرین کے خلاف اٹھنے والے تحریکیں انقلاب اسلامی ایران کی مرہون منت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین اسلامی انقلاب کیلئے ہموار ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ اس ملک میں بسنے والے تمام مسلمان اپنے صفوں میں اتحاد و اتفاق قائم کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الطاف حسین انصاری نے کہا 11 فروری انقلاب اسلامی مسلم اقوام کیلئے باعث فخر و سربلندی کا دن ہے،حضرت امام خمینی(رح) نے دنیا کو اسلام ناب محمدی کا عملی چہرہ دکھایا، مسلم حکمران حضرت امام خمینی ؒ کی پیروی کرکے اقوام عالم میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں۔ تقریب میں علماء کرام و عوام کے علاوہ بڑی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔