ارنا - سپریم لیڈر اسلامی جمہوریہ ایران نے ملکی مسلح افواج پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی آمادگی اور صلاحیت کو ہر ممکن حد تک بڑھائیں تا کہ دشمن ایران کی بہار قوم کے خلاف دھمکی دینے کی بھی جرات نہ کرسکے۔
ان خیالات کا اظہار قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی ''سید علی خامنہ ای'' نے بدھ کے روز تہران میں بحریہ کے سربراہ، کمانڈرز اور سنیئر افسروں کے ساتھ ایک ملاقات میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ ملاقات ایران میں قومی یوم بحریہ کی مناسبت سے ہوئی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے فرمایا کہ ملکی مسلح افواج سرگرمیوں اور اپنی قابلیت میں اضافہ کریں جس کا مقصد قوم کے خلاف دشمنوں کی دیدہ دلیری کا خاتمہ کرنا ہے۔
انہوں نے مزید فرمایا کہ نوجوان نسل کی قابلیت کا استعمال، ایماندار اور پُرعزم جوانوں کے ذریعے مشکلات کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے لہذا مسلح افواج کے تمام شعبوں میں پُرعزم اور ایماندار جوانوں کو ترجیح دی جائے۔
قائد انقلاب نے وطن عزیز ایران کے مقابلے میں دشمنوں کی محاذ آرائی اور بعض حریف ممالک کی صف بندی کا ذکر کرتے ہوئے مزید فرمایا کہ اس حقیقت کے پیش نظر ہمیں ہمیں پسماندگی کا ازالہ کرتے ہوئے ملک کے تمام شعبوں میں غیرمعمولی اقدامات اٹھانے ہوں گے۔
انہوں نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد فوج کی ترقی بالخصوص بحریہ کی کامیاباں حیرت انگیز اور قابل قدر ہیں۔ بحریہ میں موجودہ قیادت اور فورس اپنی قابلیت اور کارکردگی سے مطمئن ہیں جبکہ دوسری جانب نئے بحری جہاز سہند اور غدیر و فاتح جیسے نئے آبدوزوں کی شمولیت اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ ایرانی بحریہ مستقبل میں کامیابی کی منزلوں کو یکے بعد دیگر پار کرے گی۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا کہ دشمن ایرانی مسلح افواج کی دفاعی صلاحیت اور وطن کی ناقابل تسخیر دفاعی قابلیت سے خوفزدہ ہے۔
انہوں نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کسی کے خلاف جنگ کے آغاز کا ہرگز نہیں سوچتا مگر ہم اپنی صلاحیت میں مزید اضافہ کرتے رہیں گے تا کہ دشمن نہ صرف ایران پر جارحیت کرنے سے خوف میں رہے بلکہ ایرانی مسلح افواج کی ہمہ وقت آمادگی کی بدولت ایرانی قوم کو درپیش ممکنہ خطرات کا بھی خاتمہ کیا جائے۔