مرحوم آقا مصطفی خمینی (رح) نے ایک مرتبہ امام (رح) کے بارے میں ایک خواب دیکھا اور دوسرے دن وہ خواب امام (رح) کو اس وقت سنایا کہ جب کچھ اور لوگ بھی آپ (رح) کے حضور بیٹھے ہوئے تھے۔ وہ خواب کچھ اس طرح تھا:
میں نے خواب میں دیکھا ہے کہ ایک محفل میں تمام مسلمان فلاسفرز جیسے فارابی، شیخ الرئیس ابن سینا، بیرونی، فخر رازی، خواجہ نصیر الدین طوسی، علامہ حلی، ملاصدرا، حاج ملا ہادی سبزواری اور کچھ دیگر دانشور تشریف فرما ہیں اور اس محفل پر ایک عجیب طرح کی ہیبت چھائی ہوئی ہے اور میں بھی بہت خوش تھا، کیونکہ میں نے پہلی مرتبہ ایک ایسی محفل کو دیکھا تھا کہ جس میں اس قدر علماء، دانشور اور فلاسفر موجود تھے۔ اس اثناء میں، میں نے دیکھا کہ آپ (اشارہ امام خمینی (رح) کی طرف تھا) تشریف لائے ہیں اور آپ کے احترام میں یہ سب کھڑے ہوگئے اور اس کے بعد آپ کو کرسی صدارت پر بیٹھایا اور آپ وہاں پر تقریر کررہے ہیں۔
یہ خواب سناتے وقت آقا مصطفی کبھی امام (رح) کو دیکھ رہے تھے اور کبھی مجمع کو اور اس کے ساتھ ساتھ نہایت شیریں الفاظ میں خواب کو بیان کرتے جارہے تھے ایسے میں امام خمینی (رح) بالکل بیگانوں کی طرح بیٹھے ان کا خواب سنتا جارہے تھے۔ جیسے ہی آقا مصطفی کی بات پوری ہوگئی تو امام (رح) نے اپنا سر اٹھایا اور آقا مصطفی سے پوچھا یہ خواب آپ نے دیکھا ہے؟ عرض کی جی ہاں۔ امام نے فرمایا: بس آپ نے بالکل جھوٹا خواب دیکھا ہے۔
امام (رح) کی اس بات کے بعد سبھی قہقہے لگا کر ہنسنے لگے اور امام (رح) نے خود بھی اچھا خاصا تبسم فرمایا۔
پا بہ پای آفتاب، ج 3، ص 96