آج اسلامی ممالک کے تعاون میں توسیع کی ضرورت ہے

آج اسلامی ممالک کے تعاون میں توسیع کی ضرورت ہے

رہبر معظم: وہ اپنے اس دوہرے روئے کی توجیہ کےلئے دہشت گردی کو اچھی اور بری دہشت گردی میں تقسیم کرتے ہیں!!

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے قزاقستان کے صدر نور سلطان نظر بایف سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعاون میں وسعت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے فرمایا:

بعض طاقتیں، خاص طور پر امریکا دہشت گردی کے خلاف جنگ کے اپنے دعوے میں سنجیدہ اور صادق نہیں ہیں، جبکہ اسلامی ممالک صادقانہ تعاون کے ذریعے اس خطرے کو عالم اسلام سے دور کر سکتے ہیں۔ 
آپ نے عراق میں امریکیوں اور ان کے اتحادیوں کی جانب سے داعش کی مدد کو غیر صادقانہ اقدامات کی مثال قرار دیتے ہوئے فرمایا: وہ اپنے اس دوہرے روئے کی توجیہ کےلئے دہشت گردی کو اچھی اور بری دہشت گردی میں تقسیم کرتے ہیں!!
آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے موجودہ دنیا کو متلاطم قرار دیا اور فرمایا کہ آج اسلامی ممالک کے سامنے ایک طرف تو ان دہشت گرد گروہوں کا خطرہ ہے جو اسلام کے نام پر لیکن در حقیقت اسلام اور مسلمانوں کے خلاف سرگرم ہیں اور دوسری جانب بعض مغربی ممالک ہیں جو ہرگز نہیں چاہتے کہ مسلم ممالک آپس میں متحد ہو جائیں اور مل کر کام کریں۔ 
رہبر انقلاب اسلامی کے مطابق دہشت گردی اور بڑی طاقتوں کے دوہرے اقدامات کے خطرات کا مقابلہ کرنے کےلئے عقلی و منطقی پالیسیوں کے دائرے میں اسلامی ممالک کے تعاون کی توسیع ضروری ہے۔

اس ملاقات میں صدر ایران حجت الاسلام حسن روحانی بھی موجود تھے، ملاقات میں قزاقستان کے صدر نور سلطان نظر بایف نے ایران کو ایک عظیم، طاقتور اور قابل اعتماد ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے، دہشت گردی کو گمبھیر خطرہ قرار دیا اور مغرب میں دہشت گردانہ واقعات اور مغرب کی جانب سے اسلام کو دہشت گردی کے مظہر کے طور پر متعارف کرانے کی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور پناہ گزینوں کا سیلاب در حقیقت علاقے کی قانونی حکومتوں کے خلاف مغربی طاقتوں کی یلغار کا نتیجہ ہے، کیونکہ جب کسی ملک میں مستحکم مرکزی حکومت ختم ہو جائے تو دہشت گردی اس کی جگہ لے لیتی ہے۔ 
نظربایف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی قوت و توانائی اور اسلامی ممالک میں رہبر انقلاب اسلامی کے روحانی اثر و نفوذ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میں عالم اسلام کے اتحاد و یکجہتی کے تعلق سے جناب عالی کے موقف سے پوری طرح اتفاق رکھتا ہوں اور ہمیں ساری دنیا کو یہ دکھا دینا چاہئے کہ اسلام پیشرفت اور اتحاد کا سبق دینے والا دین اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے والا مکتب ہے۔

 

ماخذ: http://urdu.khamenei.ir

ای میل کریں