میں تقریباً آٹھ سال تک امام کے فقہ واصول کے درس خارج میں جاتا رہا ہوں ۔ آپ ہمیشہ ٹھیک ٹائم پر تدریس کیلئے حاضر ہوتے تھے یہاں تک کہ جن دنوں مسجد سلماسی قم میں بھی تدریس فرماتے تھے۔ بعض حضرات امام کے درس سے پہلے کسی اور درس میں بھی جاتے تھے۔ اس وجہ سے وہ کبھی امام کا درس شروع ہونے کے چند منٹ بعد پہنچتے تھے۔ آپ اس طرح کی تاخیر کو ناپسند کرتے تھے اور بعض دفعہ تذکر بھی دیتے تھے۔ مشہور ہے کہ امام ؒ اپنی طالب علمی کے دوران وقت کے بڑے پابند اور اپنے اساتیذ کے درس میں بالکل وقت پہ پہنچتے تھے۔ آیت اﷲ شاہ آبادی مرحوم نے (امام کے عرفان کے استاد) امام کے درس میں حاضر ہونے سے متعلق ان کے نظم وضبط کے بارے میں کہا تھا کہ ’’روح اﷲ، سچ میں روح اﷲ ہے۔ ایک دن بھی میں نے نہیں دیکھا کہ بسم اﷲ کہنے کے بعد درس میں حاضر ہوا ہو، بلکہ ہمیشہ درس کیلئے بسم اﷲ کہنے سے پہلے ہی حاضر رہتے تھے‘‘۔