بسم اللہ الرحمن الرحیم
عالمی یوم قدس کی ریلی، ہمیشہ ہی ایرانی قوم کے اتحاد اور طاقت کی نشانی رہی ہے۔ اسی طرح یہ اس بات کا ثبوت بھی ہے کہ ایرانی قوم اپنے اہم سیاسی و بنیادی اہداف پر پوری طاقت سے ڈٹی رہی ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ وہ فلسطین کی حمایت کا نعرہ لگائے اور ایک دو سال گزرنے کے بعد اسے چھوڑ دے۔ ایرانی قوم چالیس پینتالیس سال سے یوم قدس کی ریلی میں شرکت کر رہی ہے، پورے ملک میں سرد موسم میں، گرم موسم میں، روزے کی حالت میں اور صرف شہروں میں نہیں، بڑے شہروں میں، چھوٹے شہروں میں، دیہی علاقوں میں بھی۔ بنابریں یوم قدس کی ریلی، ایرانی قوم کے افتخارات میں سے ایک ہے۔ میری نظر میں اس سال اس ریلی کی اہمیت مزید بڑھ گئي ہے۔ دنیا کی اقوام، ہماری حامی ہیں، جو لوگ ہمیں پہچانتے ہیں وہ ایرانی قوم کے طرفدار ہیں لیکن بعض سیاسی طاقتیں اور حکومتیں، جو مخالف ہیں وہ ایرانی قوم کے خلاف پروپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ وہ داخلی اختلاف کا پروپیگنڈا کر رہی ہیں، کمزوری ظاہر کر رہی ہیں۔ یوم قدس میں آپ کی ریلی ان ہتھکنڈوں اور باطل باتوں کو نقش بر آب کر دے گي۔ مجھے امید ہے کہ ان شاء اللہ خدا آپ کی مدد کرے گا اور اس سال یوم قدس کی ریلی، پچھلے کچھ برسوں کی ریلیوں میں سب سے بہتر اور زیادہ پرشکوہ رہے گي۔
والسلام علیکم و رحمت اللہ
27 مارچ 2025