انقلاب اسلامی ایران اور مغربی سازشیں

انقلاب اسلامی ایران اور مغربی سازشیں

مغرب کی سخت اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایران میں بھوک سے کوئی نہیں مرتا، حکومت کا نظام ایسا ہے کہ جس میں ریاست کی شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہے

انقلاب اسلامی ایران اور مغربی سازشیں

 

تحریر: تصور حسین شہزاد

 

انقلابِ اسلامی ایران کا آفتاب اپنی پوری آب و تاب کیساتھ چمک اور دمک رہا ہے۔ مغربی قوتوں کی ہزار سازشوں کے باوجود دشمن انقلاب کا راستہ روکنے میں بُری طرح ناکام ٹھہرے ہیں۔ اسی انقلاب کی روشنی سے ہی دنیا میں مستضعفین ڈھارس اور اُمید باندھے اپنی حریت کیلئے جدوجہد میں مصروف ہیں۔ یہ تحریک آزادیِ کشمیر ہو، یا تحریک آزادیِ فلسطین، یہ یمن کے مظلوم ہوں یا چیچنیا کے بے بس مسلمان، ہر جگہ انقلاب مظلوموں کیلئے ڈھارس ہے اور اسی چراغ سے روشنی لے کر مظلوم اپنی آزادی کیلئے راہِ حل لے رہے ہیں۔ مغربی قوتوں نے روز اول سے کہہ دیا تھا کہ یہ انقلاب چند روزہ ہے، بہت جلد لوگ علماء سے تنگ آجائیں گے، مگر دنیا میں پہلی اسلامی طاقت نے منوایا کہ اسلام ہی بہتریں ضابطہ حیات ہے اور اس کے زریں اصولوں پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف اپنی زندگیوں بلکہ اپنے معاشروں میں بھی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

 

مغرب کی سخت اقتصادی پابندیوں کے باوجود ایران میں بھوک سے کوئی نہیں مرتا، حکومت کا نظام ایسا ہے کہ جس میں ریاست کی شہریوں کے حقوق کا تحفظ ہے۔ آج ایران اپنے انقلاب اسلامی کی 44ویں سالگرہ منا رہا ہے۔ جو اس بات کا ثبوت ہے کہ مشرق وسطیٰ کے سیاسی مستقبل کو کنٹرول کرنے کیلئے مغرب نے جو جیو پولیٹیکل، اقتصادی اور تزویراتی منصوبہ بندی کی تھی، وہ بُری طرح ناکام رہی۔ ایران کا اسلامی انقلاب خالص محمدی اسلام کے نظریات اور تعلیمات پر مبنی واحد حقیقی مذہبی انقلاب ہے، جو ایک بیداری کی تحریک ثابت ہوا، جس نے بلاشبہ حالیہ دہائیوں میں بہت سی اسلامی تحریکوں اور دینی تحریکوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

 

یہ سالگرہ صرف ایران میں نہیں منائی جا رہی بلکہ دنیا کے ہر ملک میں منائی جا رہی ہے اور بالخصوص جہاں مظلومین ہیں، وہ اس دن کو اور زیادہ جذبے سے مناتے ہیں۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اس انقلاب کیخلاف سازشیں کیوں کی جاتی ہیں؟ اس کا سادہ سا جواب ہے، کہ انقلاب کی سچائی شیطانی قوتوں کو ہضم نہیں ہو رہی۔ یہی وجہ ہے کہ انقلاب کیخلاف پہلے دن سے ہی سازشیں کی جا رہی ہیں۔ رحمانی اور شیطانی قوتوں کے درمیان ایک نہ ختم ہونیوالی جنگ ہے، جس نے جاری رہنا ہے، شیطان نے قدم قدم پر رحمان کے بندوں کو بہکانے کا گویا ٹھیکہ لے رکھا ہے، وہ اپنی عادت سے مجبور ہے، اس میں رحمانی قوتوں کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ کس طرح ان شیطانی حربوں کا مقابلہ کرتے ہیں۔ پوری دنیا میں دیکھا جائے تو انقلاب مخالف قوتوں کا مقابلہ انقلاب دوست کر رہے ہیں۔ مغرب کی سازشوں کے مختلف انداز ہیں۔ مغرب ایران کے اندر سے انقلاب کو کھوکھلا کرنے کے منصوبے بھی بنا چکا ہے، لیکن اسے ہر بار سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 

گذشتہ مہینوں کے دوران ایران میں مظاہروں کو ہوا دی گئی، اس کیلئے سوشل میڈیا کا پلیٹ فارم استعمال کیا گیا۔ محض ایک بے پردہ خاتون کی دوران حراست دل کا دورہ پڑنے سے موت کو ایشو بنانے کی کوشش کی گئی، مگر اس میں بھی ہزیمت اُٹھانا پڑی اور ایران کی حکومت نے معاملات کو احسن انداز میں کنٹرول کر لیا۔ ایرانی حکومت نے ان تمام ’’متحرک آلہ کاروں‘‘ کو حراست میں لے لیا، جو انقلاب مخالف مظاہروں کیلئے استعمال ہو رہے تھے۔ ایران کے سکیورٹی اداروں نے ان کے تانے بانے سب کھول کر رکھ دیئے۔ انقلاب اسلامی کے محافظ بیدار ہیں اور انقلاب کیخلاف ہونیوالی سازشوں کا توڑ بھی جانتے ہیں۔ مغربی سازشوں کو کس انداز سے کاونٹر کرنا ہے، اس کی حکمت عملی ان کے پاس موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ مغرب کی انقلاب کیخلاف کروڑوں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری چند لمحوں میں برباد ہو جاتی ہے۔ ایران نے انقلاب کیلئے خون دیا ہے، تبھی یہ انقلاب شجر سایہ دار بنا ہے۔ اب اس کیخلاف مغرب کی سازشیں کامیاب نہیں ہوسکتیں، کیونکہ یہ انقلاب پوری دنیا کے مظلوموں کی دستگیری کر رہا ہے۔

 

سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی ایران نے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔ عراق میں امریکی چھاونی عین الاسد پر میزائل مار کر ایران نے امریکہ کی نام نہاد سپر پاور کو ذلیل و رسوا کرکے رکھ دیا، یوں اس کی قلعی کھل گئی اور سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کو بھی احساس ہوگیا کہ امریکہ کا ٹیکنالوجی کا رعب و دبدبہ محض کاغذی اور کھوکھلا ہے۔ یہ انقلاب الہیٰ بنیادوں پر استادہ ہے۔ دشمن لاکھ جتن کر لے، یہ قافلہ رُکا تھا، رُکا ہے اور نہ کبھی رُکے گا۔ یہ انقلاب ایسے دنیا میں روشنی پھیلا رہا ہے، جیسے سورج زمین کے ذرے ذرے کو روشن کر دیتا ہے۔ مغرب کے پاس میڈیا کا ہتھیار ہے، اس نے اپنے سرمایہ دارانہ نظام سے پوری دنیا کو اپنی جکڑ میں لیا ہوا ہے، اس کے باوجود انقلاب کیخلاف اس کی ساری سازشیں تارِ عنکبوت ثابت ہوئی ہیں اور یہ سازشیں مستقبل میں بھی ناکامی سے دو چار ہوتی رہیں گی۔ کیونکہ حق اور باطل کی اس جنگ میں حق ایران کیساتھ ہے، امریکی کئی بار خود تسلیم کرچکے ہیں کہ ’’اللہ ایران کیساتھ ہے‘‘ تو جب اللہ ایران کیساتھ ہے تو امریکہ سمیت کسی بھی جارح کو پھر ایران کیساتھ محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیئے۔

 

امریکہ ایران کیخلاف وسائل خرچ کرنے کی بجائے اپنی معاشی حالت پر توجہ دے، امریکہ کی معیشت دیوالیہ ہونے کے انتہائی قریب پہنچ چکی ہے، جبکہ انقلاب روز بروز مضبوط سے مضبوط تر ہوتا جا رہا ہے۔ مسلم اقوام اگر اسلامی انقلاب کے ماڈل کو فالو کریں تو ان کے ممالک میں بھی تبدیلی آسکتی ہے اور یہ اقوام بھی خود انحصاری کی پالیسی اپنا کر ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہیں۔ اسلامی تہذیب کو زندہ کرنے کی ضرورت ہے۔ اسلام کا ایسا مرکز بنانا ہوگا، جہاں صرف اسلامی تہذیب کے احیاء کیلئے ہی کام کیا جا رہا ہو، جبکہ امت جنہیں اسلام کا مرکز سمجھتی ہے، وہ تو یورپی فلسفے پر عمل پیرا ہوتے ہوئے گمراہی کے راستے کا انتخاب کرچکے ہیں۔ جب سرزمینِ حجاز پر بے حیائی اور بے راہ روی کے بادل چھائیں گے تو یقیناً امت کسی ایسی ریاست کی طرف دیکھے گی، جس میں حقیقی اسلامی تہذیب ہوگی اور اسلام نابِ محمدی ملے گا۔ تو ایسی صورت میں صرف ایران ہی دکھائی دیتا ہے، جس میں حقیقیی اسلامی اقدار موجود ہیں۔

ای میل کریں