دشمن آج ایرانی عوام کے ایمان کو کمزور کرنے اور ملک کے شاندار مستقبل سے انہیں مایوس کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے صوبہ چھار محال و بختیاری کے قبائل کے شہدا کی یاد میں کانفرنس کرنے والی کمیٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا کہ امام خمینی رحمت اللہ علیہ نے فرمایا تھا کہ قبائل ملک کے ذخائر ہیں ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ قبائل کے شہدا کی یاد میں یہ کانفرنس بہترین موقع ہے جس میں ایران کے عوام کو ہم قبائلی باشندوں کی فداکاریوں اور جانفشانیوں کے بارے میں باخبر کرسکتے ہیں ۔
رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی جمہوری نظام کے خلاف دشمنوں کی ریشہ دوانیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئےفرمایا کہ آج ایران اور اسلام کے دشمنوں نے سافٹ وار اور ثقافتی یلغار کو اپنا ہتھیار بنا رکھا ہے اس لئے ایران کے عوام منجملہ قبائلی باشندوں کو مذہی اور ثقافتی پروگراموں کی ضرورت ہے لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ فلم کی تیاری یا کتابوں کی تصنیف و تالیف موثر انداز میں کی جائے ۔
رہبرانقلاب اسلامی نے پچھلے دو تین عشروں کے دوران اغیار کی بے شمار کوششوں اور سازشوں کے مقابلے میں ایران کے قبائلی باشندوں کی استقامت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ دشمنوں کا مقصد ایران کے قبائیلیوں کو حکومت اور اسلامی جمہوری نظام کے خلاف اکسانا اور خانہ جنگی کے لئے آمادہ کرنا تھا لیکن دشمنوں کو اپنے ان مذموم مقاصد میں کبھی بھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی، کیونکہ ایران کے قبائلی باشندے ، اسلامی جمہوری نظام اور ایرانی عوام کے سب سے زیادہ وفادار لوگوں میں سے ہیں۔
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے اسلامی انقلاب کی تحریک اور مقدس دفاع کے دوران ایران کے قبائل کی فداکاریوں کو ان کی وفاداریوں کا ایک اور شاندار جلوہ قرار دیا اور فرمایا کہ ایرانی عوام اور قبائل کے درمیان اتحاد ، فداکاری اور ترقی و پیشرفت کا اصل محرک دین تھا جس کے بنیادی عنصر کے ذریعے ہی امام خمینی رح نے اسلامی انقلاب کو کامیاب بنایا تھا اور انقلاب کے بعد بھی عراق کے معدوم ڈکٹیر صدام کے لئے بڑی بڑی طاقتوں اور علاقے کی رجعت پسند حکومت کی ہر طرح کی پشتپناہی میں ایران پر مسلط کی گئی جنگ کے دوران بھی ملک اور انقلاب کی حفاظت کی - آپ نے فرمایا کہ دشمن آج ایرانی عوام کے ایمان کو کمزور کرنے اور ملک کے شاندار مستقبل سے انہیں مایوس کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں۔
رہبرانقلاب اسلامی نے فرمایا کہ شہدا کا درس امید و حوصلے کا درس ہے اور ہمارے جیالے اور جانباز جوان ایسے عالم میں محاذ جنگ پر گئے تھے جب عام لوگوں کی نگاہوں میں ایران کے کامیاب ہونے کی کوئی امید نہیں تھی لیکن ایرانی عوام کی ولولہ انگیز شجاعت و فداکاری کی بدولت صدام اوراس کے حامیوں کی مسلط کی گئی جنگ، اسلامی جمہوریہ ایران کی کامیابی اور جارح قوتوں کی ذلت آمیز شکست پر ختم ہوئی اور اس کا مطلب یہی ہوتا ہے کہ انتہائی مشکل حالات میں بھی اللہ کی مدد و نصرت اور اپنے جذبے اور حوصلے کے تئیں مایوس نہیں بلکہ پرامید رہنا چاہئے ۔