ایک گھر سے 3 شہید، ایثار و فداکاری کا بہترین نمونہ: رہبر انقلاب اسلامی

ایک گھر سے 3 شہید، ایثار و فداکاری کا بہترین نمونہ: رہبر انقلاب اسلامی

شہید حسن ایرلو نے اپنی بابرکت عمر انقلاب اسلامی کی حفاظت اور ترویج میں بسر کی اور انھوں نے اس سلسلے میں گرانقدر خدمات انجام دیں

ابنا۔ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یمن میں ایرانی سفیر شہید حسن ایرلو کی شہادت پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے شہید حسن ایرلو کے اہلخانہ ، دوستوں اور ساتھیوں کو تعزیت اور تسلیت پیش کرتے ہوئے فرمایا: شہید حسن ایرلو نے سیاسی، سفارتی اور سماجی میدانوں میں بھر پور کوشش اور جد وجہد کے شاندار نقوش رقم کئے جو ان کی مجاہدانہ زندگی کا بہترین نمونہ ہیں۔ شہید کے دو بھائی بھی اس سے قبل درجہ شہادت پر فائز ہوچکے ہیں۔ اللہ تعالی اس صابر، بصیر اور فداکار خاندان پر رحمت نازل فرمائے۔

اس سے قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراهیم رئیسی ، پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے بھی یمن میں ایران کے سفیر کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ یمن میں ایرانی سفیر شہید حسن ایرلو نے یمنی عوام کی مظلومیت اور حقانیت کے دفاع میں بھر پور کردار ادا کیا۔

انہوں نے اپنے علیحدہ علیحدہ پیغام میں شہید حسن ایرلو کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ایرلو نے دفاع مقدس میں بھی نمایاں کارنامے انجام دیئے اور وہ آٹھ سالہ مسلط کردہ جنگ میں کیمیاوی ہتھیاروں کے ذریعہ زخمی بھی ہوئے تھے۔

شہید حسن ایرلو نے اپنی بابرکت عمر انقلاب اسلامی کی حفاظت اور ترویج میں بسر کی اور انھوں نے اس سلسلے میں گرانقدر خدمات انجام دیں۔

واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ یمن میں ایران کے سفیرحسن ایرلو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد درجہ شہادت پر فائز ہوگئے ۔ سعید خطیب زادہ نے کہا کہ شہید ایرلو یمن میں کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے اور بعض ممالک کے عدم تعاون کی وجہ سے انھیں ایران منتقل کرنے میں تاخیر ہوگئی جس کی وجہ سے شہید ایرلو کو طبی امداد بر وقت نہ مل سکی اور وہ آج صبح تہران کے ایک اسپتال میں درجہ شہادت پر فائز ہوگئے۔

ای میل کریں