امریکہ اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں : ایران

امریکہ اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں : ایران

دنیا اب اس تجربے سے گزر رہی ہے جسے ایران عرصہ دراز سے تحمل کر رہا ہے، جواد ظریف

امریکہ اپنی حرکتوں سے باز آنے والا نہیں : ایران

 

ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سید عباس موسوی نے آج امریکی صدر کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز کو روکنے کے اقدام کو امریکہ کی جانب سے بین الاقوامی اداروں کی کثیر الجہتی مہم کو کمزور بنانے کا مقصد قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی۔

سید عباس موسوی نے اس جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ نے لوگوں کے زندگی کو براہ راست خطرے  سے دوچار کردیا ہے کہا کہ امریکہ اس مشکل صورتحال اور اس عالمگیر وبا کے خلاف لڑنے کے موقع پر اچانک عالمی صحت کے واحد رابطہ کار کو سزا دے رہا ہے۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے عالمی ادارہ صحت کے فنڈز کو روکنے کا اقدام، الزام تراشی اور کورونا وائرس کی روک تھام میں امریکی حکومت کی نا اہلی کو چھپانے کیلئے ہے۔ انہوں نے امریکہ کے یکطرفہ اقدامات کو غیر موثر بنانے اور عالمی یکجہتی کے تحفظ کیلئے بین الاقوامی برادری سے عالمی ادارہ صحت کیساتھ کھڑے رہنے کا مطالبہ کیا۔

 سیدعباس موسوی نے کہا کہ امریکی حکام کو معلوم ہونا چاہیے کہ ان کے اس طرح کے اقدامات، بین الاقوامی برادری سے ان کے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس سے نمٹنے میں ناکامی پر عالمی ادارہ صحت کے فنڈ روک دیے جس پر ماہرین صحت نے شدید تنقید کی ہے۔

 

 

دنیا اب اس تجربے سے گزر رہی ہے جسے ایران عرصہ دراز سے تحمل کر رہا ہے، جواد ظریف

اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ٹوئٹر پر جاری ہونے والے اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے عالمی ادارۂ صحت کا بجٹ معطل کر دینے کے اقدام کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ دنیا اب اس تجربے سے گزر رہی ہے جسے ایرانی قوم عرصۂ دراز سے تحمل کر رہی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ امریکہ کی زورزبردستی، دھمکیاں اور متکبرانہ بیانات صرف اس کا نشہ ہی نہیں بلکہ انسانی جانوں کے ساتھ کھلواڑ بھی ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے جاری کرونا وائرس کے بحران کے دوران ایران پر عائد امریکی پابندیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے لکھا کہ ایران کے خلاف زیادہ سے زیادہ دباؤ کی امریکی پالیسی کے مانند دنیا بھر میں کرونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے بحران کے درمیان امریکہ کی طرف سے عالمی ادارۂ صحت کا بحٹ روک لینے کا اقدام تاریخ انسانیت میں ہمیشہ کے لئے امریکہ کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکہ ہے۔

ای میل کریں