مدافعان سلامت، شہید خدمت ہیں: رہبر انقلاب اسلامی
ابنا۔ تفصیلات کے مطابق رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر سعید نمکی کی جانب سے لکھے جانے والے خط میں کورونا وائرس کا شکار بیماروں کا علاج کرنے اور انھیں اس وبا سے تحفظ فراہم کرنے کی راہ میں طبی عملے کے جاں بحق ہونے والوں کو شہدا میں شامل کرنے کی درخواست سے اتفاق کیا۔
ایران کے وزیر صحت نے رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے مدافعان سلامت کو شہید خدمت شمار کرنے سے موافقت پر رہبر انقلاب اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایرانی محکمہ صحت کے مطابق اب تک مجموعی طور پر ملک کے اندر 8042 افراد کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جن میں سے 2371 افراد صحت یاب ہوئے ہیں۔
رہبر معظم کا حرم رضوی میں نئے سال کی مناسبت سے خطاب منسوخ
ابنا۔ کے مطابق رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی خامنہ ای کے دفتر نے اعلان کیا ہے کہ رہبر معظم انقلاب اسلامی کا حرم رضوی میں نئے سال کی مناسبت سے جو پروگرام ہر سال منعقد ہوتا تھا اسے طبی دستورات اور کورونا وائرس کی روک تھام کی وجہ سے منسوخ کردیا گيا ہے اور معظم لہ اس سلسلے میں مشہد مقدس کا سفر بھی نہیں کریں گے۔
رہبر معظم کے دفتر کے اعلامیہ کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ایرانی عوام کو اطلاع دی جاتی ہے، کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور طبی امور کے ماہرین اور حکام کی طرف سے اجتماعات منعقد کرنے اور اپنے شہر سے باہر سفر کرنے کے سلسلے میں پرہیز کرنے پر مبنی سفارشات اور دستورات کی بنا پر رہبر معظم انقلاب اسلامی کا حرم مطہر امام رضا علیہ السلام میں نئے سال کی مناسبت سے جو پروگرام ہر سال منعقد ہوتا تھا ، وہ اس سال منسوخ کردیا گيا ہے اور معظم لہ اس سلسلے میں مشہد مقدس کا سفر نہیں کریں گے۔
عوام کی طرف سے طبی عملہ کے دستورات پر عمل اور اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا اور توسل کے ذریعہ جلد از جلد اس وباء سے نجات ملنے کی توقع کی جاتی ہے ۔ میں اللہ تعالی کی بارگاہ سے اس بیماری میں مبتلا افراد کی صحت و سلامتی کے لئے دعا کرتا ہوں۔
دفتر مقام معظم رہبری