ایران نے امریکہ کو ہر محاذ پر شکست سے دوچار کیا
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی صوبہ خراسان شمالی کے دورے پر ہیں جہاں انھوں نے شیروان میں ایک عظیم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر 25 فیصد قرضوں کا بوجھ کم ہوگیاجبکہ امریکہ عالمی قرضوں کے تلے دبا ہوا ہے۔
صدر حسن روحانی نے حاضرین کو حضرت امام رضا علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کا عظیم اجتماع ایرانی عوام کے باہمی اتحاد اور یکجہتی کا شاندار نمونہ ہے اور ہم باہمی اتحاد کے ذریعہ دشمنوں کی تمام گھناؤنی سازشوں اور منصوبوں کو ناکام بنادیں گے۔صدر روحانی نے کہا کہ امریکہ نے ایران کے خلاف جو راستہ بھی اختیار کیا اسے اس میں شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
امریکہ نے حالیہ 14 مہینوں میں ایران کے خلاف سخت ترین اقتصادی پابندیاں عائد کیں ، اگر ایسی پابندیاں کسی اور ملک یا قوم کے خلاف ہوتیں تو انھیں گھٹنے ٹیکنے پرمجبورکردیتیں۔ لیکن ایرانی عوام نے ہوشیاری اور سنجیدگی کے ساتھ ان پابندیوں کو پیچھے چھوڑدیا ہے۔
صدر روحانی نے کہا کہ عالمی عدالت میں ایران نے امیرکہ کے خلاف ہر مقدمہ جیتا ہے اور امریکہ کو ہر مرحلے پر شکست اور ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ امریکہ نے جو راستہ بھی ایران کے خلاف اختیار کیا اسے منہ کی کھانی پڑی ہے۔ امریکہ کو افغانستان، عراق، شام اور حال ہی میں یمن میں بھی شکست کا سامنا ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران پر قرضہ کا بوجھ 25 فیصد کم ہوگیا ہے۔ صدر روحانی نے کہا کہ ہم نے مشکل مرحلے کو عبور کرلیا ہے اور ایران ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن ہے۔