ابنا کی رپورٹ کے مطابق ایران میں یوم معلم کی آمد کی مناسبت سے پورے ملک کے اسکولوں اور کالجوں کے اساتذہ اور معلمین کی بہت بڑی تعداد نے بدھ کو رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی-
رہبر انقلاب اسلامی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں اساتذہ اور معلمین کو ایک قوم کے اہم ترین سرمائے یعنی انسانی سرمائے کا مربی قرار دیا اور فرمایا کہ اساتذہ اور معلمین ہی نئی تہذیب و تمدن کی بنیاد رکھتے ہیں اور وہی جہالت کا مقابلہ کرنے کے میدان کے مجاہد ہوتے ہیں-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے یوم معلم یا ٹیچر ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے شہید استاد آیت اللہ مطہری کو خراج عقیدت یش کیا اور فرمایا کہ شہید آیت اللہ مطہری حقیقی معنی میں ایک ہمدرد اور مخلص معلم تھے-
رہبر انقلاب اسلامی نے معلم و استاد اور وزارت تعلیم و تربیت کے کردار کو انتہائی اہم اور بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا اور فرمایا کہ کسی ایک قوم کا سب سے عظیم سرمایہ انسانی سرمایہ ہوتا ہے کیونکہ ملک، انسانی سرمائے کے بغیر ان بعض دولتمند ملکوں کی طرح ہے کہ جن کی دولت حماقت آمیز طریقے سے انسانیت کے خائن اور غداروں کے ہاتھوں میں چلی جاتی ہے-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ وزارت تعلیم کو چاہئے کہ وہ دانا، توانا، خردمند، متقی و پرہیز گار، کار آمد اور شجاع و ہوشیار انسانوں کی تربیت کرے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ قوم متحد رہے گی تو دشمن کی سازشیں خود دشمن کی ہی طرف پلٹ جائیں گی اور ایران کے نوجوان امریکا کی شکست اور صیہونیزم کی ذلت کا مشاہدہ کریں گے-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے دشمن کی جنگی صف بندی اور اقتصادی و سیاسی میدان میں ان کی یلغار اور سائبراسپیس کے ذریعے حملہ کرنے کی دشمن کی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ امریکا اور صیہونیزم سبھی میدانوں میں منصوبہ بندی کر رہے ہیں اور اس پر عمل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آپ نے فرمایا کہ البتہ یہ چیز امریکا کی موجودہ حکومت سے ہی مخصوص نہیں ہے لیکن امریکا کی موجودہ حکومت کے صدر نے جو کام آسان کر دیا ہے وہ یہ کہ وہ کھل کر سامنے آگیا اور پوری دنیا اب امریکا کا اصلی چہرہ دیکھ رہی ہے-
آپ نے فرمایا کہ ایرانی قوم کے خلاف دشمن کی جنگی صف بندی کے مقابلے میں ایرانی عوام کو بھی پوری طرح تیار رہنا چاہئے اور ملک کے سبھی حکام، قوم کے ایک ایک فرد اور ہر شعبے میں سرگرم توانا اور ماہر افراد کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے آمادہ اور میدان میں موجود رہنا چاہئے-
آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ البتہ بظاہر فوجی جنگ کے میدان میں دشمن نے صف بندی نہیں کی ہے لیکن ہماری مسلح افواج پوری طرح ہوشیار ہیں-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران میں دین کا پرچم دنیا کے دیگر سبھی علاقوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ اونچا اور بلند ہے اور علم و سائنس میں ترقی و پیشرفت کے لحاظ آج ایران دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں میں شمار ہوتا ہے۔