رہبر

پاسداران فورس کیخلاف امریکی منفی عزائم سے کچھ نہیں ہوگا

قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ پاسداران انقلاب ملک کا ایک منظم اور ثابت قدم ادارہ ہے جو دشمنوں کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑا ہے

سپریم لیڈر ایران نے فرمایا ہے کہ امریکیوں کا خیال ہے کہ وہ ایران اور پاسداران اسلامی انقلاب فورسز کی راہ میں روڑے اٹکا سکتے ہیں مگر ان کے ایسے مکروہ اقدامات سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

یہ بات قائد اسلامی انقلاب حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے منگل کے روز حضرت سیدالشہدا امام حسین (ع) کے یوم ولادت اور قومی یوم پاسداران کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ان ایام کی مناسبت سے پاسداران انقلاب فورسز کے بعض کمانڈرز اور افسروں نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ قائد انقلاب سے ملاقات کی۔

آیت اللہ خامنہ ای فرمایا کہ امریکی مکروہ اقدامات کی اصل وجہ، پاسداران انقلاب کی کامیابی ہے جو ملکی دفاع اور ترقی میں مثالی کردار ادا کررہی ہے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ امریکہ اور دیگر جاہل دشمنوں نے گزشتہ 40 سال سے جو جی میں آیا ایران اور اسلامی انقلاب نظام کے خلاف کیا مگر وہ اپنے تمام سازشوں میں ناکام رہے اور آج دنیا بھر میں ایران اور اسلامی انقلاب کا پرچم بلند ہے۔

قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ پاسداران انقلاب ملک کا ایک منظم اور ثابت قدم ادارہ ہے جو دشمنوں کے خلاف فرنٹ لائن پر کھڑا ہے۔ سپاہ، سیاسی محاذ اور دشمن کے خلاف میدان میں پیشقدم ہے جبکہ وہ ملک کے اندر سے لے کر ہزاروں کلومیٹر سرحد پار اور بارگاہ مقدس بی بی زینب (س) پر بھی دشمنوں کے خلاف لڑرہی ہے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ سپاہ پاسداران کے خلاف امریکی حیلے بہانے کا نتیجہ خود ان پر اثر انداز ہوگا جبکہ ٹرمپ اور اس کے آس پاس موجود بیوقوف لوگ صرف اپنے ارد گرد گھوم رہے ہیں۔

سپریم لیڈر نے فرمایا کہ 40 سال سے ایران کے خلاف سازشیں جاری ہیں جبکہ اسی مدت میں ایران ترقی کا سفر کرتا رہا اور یہ ایرانی قوم کے سامنے امریکی عزائم کی ناکامی ہے۔

انہوں نے مزید فرمایا کہ دشمنوں نے ہماری قوم کے خلاف سیاسی اور معاشی دباؤ کے علاوہ تمام حربے استعمال کئے مگر انھیں کچھ نہ ملا جبکہ وہ انقلاب کی شروعات سے ہمارے سامنے بے بس رہے۔

قائد اسلامی انقلاب نے فرمایا کہ دشمنوں کو یہ بات اچھی طرح پتہ ہے کہ آج خطے میں ایران کی بڑھتی ہوئی عزت، طاقت اور بالادستی ایٹم بم سے نہیں، کیونکہ ہم نے کہا ہے کہ جوہری ہتھیار ہمارے دینی عقائد کے خلاف ہے لہذا ایران کی عزت و طاقت اس کی مزاحمت، قربانی اور عوام کی سیاسی بصیرت ہے۔

انہوں نے فرمایا کہ قطعی طور پر اسلامی انقلاب کی ترقی کا سفر جاری رہے گا جس کے لئے تمام اداروں اور عوام کے درمیان ہم آہنگی اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ عوام، حکومت، مسلح افواج، پاسداران فورسز اور ملک کے نوجوان انبیائے کرام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اور بانی انقلاب کے احکامات کے مطابق اپنے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

یاد رہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے گزشتہ رات ایران کے خلاف دشمن پالیسی کے تسلسل میں پاسداران اسلامی انقلاب فورس کو دہشتگرد تنظیم کی فہرست میں ڈال دیا۔

اس کے جواب میں اعلی ایرانی سلامتی کونسل نے امریکہ کو دہشتگرد کا حامی قرار دیتے ہوئے امریکی سینٹ کام فورس کو دہشتگرد گروہ میں شامل کردیا۔

ای میل کریں