شعبان

ماہ شعبان کی فضیلت

رسولخدا (ص) نے فرمایا ہے: رجب اللہ کا مہینہ اور شعبان میرا مہینہ اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے

ماہ شعبان انسان کےلئے خدا کی طرف دعوت کا مہینہ ہے اور سال کے مہینوں میں سے ایک عظیم اور بافضیلت مہینہ ہے۔ اسلامی احادیث اور روایات میں اس کا مقام بہت بلند اور عظیم فضیلت ہے۔

اس کی عظمت اور فضیلت میں چار چاند لگانے کے بہت اسباب ہیں ۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ آسمان ولایت و امامت کے ستاروں میں سے عظیم اور قابل قدر شخصیات کا اس ماہ میں نورانی ولادت  ہوا ہے اور اس ماہ میں عرصہ وجود میں قدم رکھا ہے۔

رسولخدا (ص) نے فرمایا ہے: رجب اللہ کا مہینہ اور شعبان میرا مہینہ اور رمضان میری امت کا مہینہ ہے۔ ایک جگہ فرماتے ہیں: شعبان میرا مہینہ ہے خدا اس پر رحم کرے جو میری اس ماہ میں مدد کرے۔ ایک جگہ فرماتے ہیں: شعبان وہ مہینہ ہے جس میں انسانوں کے اعمال اوپر جاتے ہیں جبکہ لوگ اس سے غافل ہیں۔

امیرالمومنین (ع) فرماتے ہیں: ماہ شعبان رسولخدا (ص) کا مہینہ ہے۔ رسولخدا (ص) فرماتے تھے کہ شعبان میرا مہینہ ہے لہذا جو کوئی اس ماہ میں روزہ رکھے جنت اس پر واجب ہے اور بعض احادیث میں ماہ شعبان کو تمام مہینوں کے سید و سردار مہینہ سے تعبیر کیا ہے۔

حضرت امام جعفر صادق سے روایت ہے کہ جب شعبان کا مہینہ آجاتا تھا تو میرے والد امام سجاد (ع) اپنے اصحاب و انصار کو جمع کرتے اور فرماتے تھے: تم لوگ جانتے ہو کہ یہ کونسا مہینہ ہے؟ یہ شعبان کا مہینہ ہے۔ رسولخدا (ص) فرمایا کرتے تھے:شعبان میرا مہینہ ہے لہذا اس ماہ میں روزہ رکھو اپنے پیغمبر سے محبت اور دوستی کے عنوان سے اور اپنے رب کے تقرب کے لئے۔ اس خدا کی قسم جس کے قبضہ قدرت میں میری جان ہے۔ میں نے اپنے والد حسین بن علی (ع) سے اور انہوں نے اپنے والد علی بن ابیطالب (ع) سے اور انہوں نے رسولخدا (ص) سے؛ کہ آپ فرماتے تھے: جو شخص ماہ شعبان میں رسولخدا(ص) کی محبت اور دوستی کی بنا پر اور خدا کے تقرب کے لئے روزہ رکھے تو خدا اسے دوست رکھے گا اور قیامت کے دن اسے اپنا تقرب عطا کرے گا اور اس کے لئے جنت کو واجب کرے گا۔

ماہ شعبان میں بہت سارے اعمال و مظائف ذکر ہوئے ہیں لیکن جو روایات سے استفادہ ہوتا ہے یہ ہے کہ اس ماہ میں بہترین دعائیں اور اذکار استغفار ہے۔ جو شخص اس مہینہ میں روزانہ 70/ بار "استغفرواللہ ربی و اتوب الیہ" پڑھے تو اس کی مثال اس طرح ہی کہ اس نے دیگر مہینوں میں 70/ ہزار مرتبہ استغفار پڑھا ہے۔ اس ماہ کا دوسرا عمل صدقہ دینا ہے جس کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے اگر آدھا خرما کے برابر ہی ہو تا کہ خدا جہنم کی آگ کو حرام کرے۔

امام خمینی (رح) فرماتے ہیں: اسلام میں بعض اوقات دیگر بعض اوقات پر فضیلت و برتری رکھتے ہیں۔ یہ فضیلت بھی کبھی کسی اہم واقعہ کے رونما ہوجانے سے ہے جس طرح روز بعثت پیغمبر اکرم (ص) کی وجہ سے اور عید غدیر کی اہمیت حضرت علی (ع) کی وجہ سے ہے۔ لیکن بعض اوقات اور زمانے کچھ خاص خصوصیات کی بنا پر اہم اور برتر ہوتے ہیں۔ ماہ رجب، شعبان اور رمضان انہی مہینوں میں سے ہیں جن کی فضیلت اور کرامت پر تاکید ہوئی ہے۔

ای میل کریں