حجت دوراں، امام عصر حضرت مہدی موعود (عج) کو عام طور پر "امام زمانہ، صاحب الزمان اور ولی عصر" کے لقب سے یاد کیا جاتا ہے۔ آپ (ع) گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری (ع) کے فرزند ہیں اور حجت بن الحسن العسکری کہا جاتا ہے۔ آپ کا نام نامی پیغمبر خاتم حضرت محمد (ص) کے نام پر ہے۔ اور آپ کی کنیت بھی پیغمبر کی کنیت "ابوالقاسم" ہے۔ آپ کی ولادت با سعادت 15/ شعبان سن 255 ھ ق کو سامراء میں ہوئی، آپ کے وجود ذی جود و کرم کو بطن سے امام حسن عسکری (ع) کی شہادت خود آپ کے والد نے لوگوں سے پوشیدہ رکھا اور ولادت کے بعد سن 255 ھ ق سے 260 ھ ق تک اپنے والد ماجد کی زیر تربیت اور نگرانی رہے لیکن لوگوں کی نظروں سے پوشیدہ طور پر زندگی گزارتے رہے کیونکہ اس وقت کی ظالم و جابر اور حکومت اور اقتدار کی بھوکی عباسی حکومت کو معلوم ہوچکا تھا کہ امام حسن عسکری (ع) کے یہاں ایک بچہ پیدا ہوگا جو دنیا سے ظلم و جور کی بساط کو لپیٹ دے گا اور وقت کے فرعون اور نمرود و شداد اور جابر حکمرانوں کے تخت و تاج کو ویران کرکے عدل و انصاف کی حکومت قائم کرے گا اور پوری دنیا میں ایک ہی پرچم لہرائے گا جس پر لا الہ الا اللہ، محمد رسول اللہ اور علی ولی اللہ لکھا ہوگا۔
خلاصہ اسلام کے اصول و قوانین کا اجراء اور نفاذ کرے گا۔ تاریخ انسانیت میں یہی وہ پہلے امام ہیں جو 5/ سال کی عمر میں منصب امامت پر فائز ہوئے اور آپ کی ہر نبی سے کوئی نہ کوئی مشابہت ہے اور ہر نبی کے صفات اور خصلتوں کے حامل ہیں۔