ابنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے پاکستان کے وزير اعظم عمران خان کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو پاکستان سے اس بات کی توقع ہے کہ وہ ایران میں دہشت گردانہ حملوں میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف عملی اور ٹھوس اقدام عمل میں لائے۔
صدر حسن روحانی نے پاکستانی وزیر اعظم پر زوردیا کہ دہشت گرد گروہوں کو دونوں ممالک کے درمیان کئي عشروں پر محیط برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ پاکستان اچھی طرح جانتا ہے کہ دہشت گردوں کو مالی وسائل اور ہتھیار کہاں سے مل رہے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج پاکستانی مسلح افواج کے ساتھ ملکر دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے آمادہ ہیں۔
اس گفتگو میں پاکستان کے وزير اعظم عمران خان نے ایران میں دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والے شہداء کی شہادت پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانوں کے قریب پہنچ گئے ہیں اور عنقریب اچھی خبریں سامنے آئیں گی۔ عمران خان نے کہا کہ ہم پاکستانی سرزمین ایران کے خلاف کسی دہشت گرد کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔