ابنا۔ خیبر صہیون تحقیقاتی ویب گاہ کے مطابق، کشمیر کے بین الاقوامی تحقیقاتی مرکز نے ایک رپورٹ شائع کر کے دعویٰ کیا ہے کہ اس اعتبار سے کہ پاکستان تنہا ایسا اسلامی ملک ہے جو ایٹمی توانائی کا مالک ہے، اسرائیل کی انٹیلی جنس ایجنسی (موساد) اس ملک کی ایٹمی توانائی کو کمزور بنانے کے لیے اہم منصوبہ رکھتی ہے۔
کشمیر کے اس تحقیقاتی مرکز کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک خصوصا امریکہ اور اسرائیل کے حکمران مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور ہمدلی کو برداشت نہیں کر سکتے اور اس درمیان صہیونی ریاست پوری کوشش میں ہے کہ کشمیر میں کشیدگی کے ذریعے برصغیر کو ایک مرتبہ پھر جنگ کی آگ میں دھکیل دے۔
کتاب “امریکہ مسلم فوج کا دشمن” کے مولف “سجاد شوکت” اس بات کے قائل ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے جو ان دو ملکوں کو ایٹمی جنگ کی طرف لے جا رہا ہے۔
ایران کا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اظہار
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے پاکستان کے وزير خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلیفون پر گفتگو میں پاکستان اور ہندوستان کے درمیان کشیدگی ختم کرنے اور ثالثی کا کردار ادا کرنے پر آمادگی کا اظہارکیا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کو صبر و تحمل کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ایران دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے آمادہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی وزير خارجہ ہندوستانی وزير خارجہ سشما سوراج کے ساتھ بھی ٹیلیفون پر گفتگو کریں گے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پاک بھارت کشیدگی پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ دونوں ممالک تحمل کا مظاہرہ کریں، کشیدگی کو بڑھاوا نہ دیں۔
واضح رہے کہ بہرام قاسمی نے گزشتہ روز بھی دونوں ملکوں سے صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا تھا اختلافی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا دونوں ممالک مذاکرات، سفارتی طریقے سے خطے کا امن قائم رکھیں۔
واضح رہے کہ آج پاک فضائیہ نے سرحدی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیارے مار گرائے تھے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت کے 2 طیارے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں مار گرائے گئے ہیں۔ ایک طیارہ بھارتی مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں گرا، جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کی جانب گرا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی علاقے میں گرنے والے طیارے کے دونوں پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ پاکستانی علاقے میں گرنے والے جہاز کے ایک پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے، بیٹھ کر بات چیت سے مسائل حل کرنے چاہئیں، جارحیت کی تو جواب دینا ہماری مجبوری ہوگی۔