یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر احتجاج کیا جائے گا۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کو ملانے والے مقامات پر ہاتھوں کی زنجیریں بناکر اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ پاکستان میں وفاقی و صوبائی حکومتوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرعام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی ملک بھر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں، سیمینار اور کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے وحشیانہ مظالم، خواتین کی بے حرمتی، نوجوانوں کو لاپتہ کرکے مارے جانے جیسے افسوس ناک واقعات کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کیا جائے گا۔ پاکستانی 1990ء سے 5 فروری کو اہل کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منارہے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر امام خامنہ ای کی جانب سے کشمیری مظلوم مسلمانوں کی بارہا حمایت کے بعد اس ملک کے جوانوں نے بھی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔اسلامی جمہوریہ ایران کے جوانوں نے کشمیری مظلوم عوام کی حمایت میں امام خامنہ ای کے فرمودات کے بینر اٹھا کریکجہتی کا اظہار کیا۔ واضح رہے کہ دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منانے کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں ایرانی جوانوں نے بھی نہتے کشمیریوں پر بھارتی بربریت کیخلاف بھرپور آواز اٹھائی۔
خیال رہے کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای بارہا مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی حمایت کا اعلان کر چکے ہیں۔ دسیوں ایرانی جوانوں نے کشمیر کے متعلق امام خامنہ ای کے فرمودات کے بینر اٹھا رکھے تھے۔
یاد رہے کہ رہبر معظم انقلاب امام خامنہ ای نے متعدد بار کشمیر مظلوم عوام کی کھل کر حمایت کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ کشمیری عوام تشدد کے ذریعے حکومت کرنے والوں کو پیچھے دھکیل دیں گے۔
یاد رہے کہ مبقوضہ کشمیر کے حالات گزشتہ سال جنوری سے کشیدہ چلے آرہے ہیں اور اس عرصے کے دوران کشمیری مظاہرین پر بھارتی سیکورٹی فورس کے حملوں میں متعدد نہتے کشمیری شہید یا زخمی ہوچکے ہیں۔