عمران خان

ایران سے تعلقات کو مزید فروغ دینے کے خواہاں

ایران پاکستان میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہے

خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پاکستانی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ الیکشن جیتنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، 22 سال کی جدوجہد کامیاب ہوئی اور نئے پاکستان بنانے کا خواب پورا کرنے کا موقع ملا ہے ایران سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات کو فروغ دوں گا۔ اقتدار میں آنے کے بعد منشور پر عمل کرنے کا موقع آگیا، پاکستان میں تاریخی الیکشن ہوئے، لوگوں نے قربانیاں دیں، بلوچستان میں دہشتگردی کے باوجود لوگ ووٹ دینے کے لیے گھروں سے باہر نکلے جنہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ افغانستان سے ایسے تعلقات ہونے چاہئیں کہ سرحدیں کھلی ہوں، امریکہ سے ایسے متوازن تعلقات چاہتے ہیں جس سے دونوں ملکوں کو فائدہ ہو، ایران سے تعلقات کو مزید فروغ دینا اور مضبوط بنانا چاہتے ہیں،  مشرق وسطیٰ میں ثالث کا کردار ادا کریں گے، جنگوں میں شرکت کی بجائے لڑائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے۔

عمران خان نے بھارت کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اگر ہندوستان ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دو قدم آگے آئے گا۔ ہمیں علاقائی اور باہمی مسائل کو مذاکرات کے ذریعہ حل کرنا ہوگا۔

ترجمان دفتر خارجہ ایران بہرام قاسمی نے کہا ہے کہ ایران پاکستان میں انتخابات کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ہمسایہ برادر ملکوں کے مابین تعلقات کو پاکستان کی نئی حکومت کے تعاون سے پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں گے۔

قاسمی نے مزید کہا کہ ایران ماضی کی طرح ہمیشہ سے بالخصوص موجودہ دور میں دو مسلمان ممالک کے مابین تعاون کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفادات کی خاطر مزید فروغ دینے کی ہمہ وقت تیار ہے۔

ای میل کریں