حضرت زہرا سلام اللہ علیھا نے صبر و استقامت کا درس دیا
حضرت زیرا سلام اللہ علیھا تمام عورتوں کے لئے نمونہ عمل ہیں انہوں نے ہر مسلمان عورت کو اپنے شوہر اور بچوں سے برتاو کرنے کا طریقہ سکھایا ہے لیکن حضرت زہرا سلام اللہ علیھا نے کبھی بھی اپنی سماجی ذمہ داریوں سے غافل نہیں ہوئیں انہوں نے سماجی ذمہ داریوں کو نبھا کر کے بتا دیا کہ عورت صرف گھر کے ایک کونے سے مخصوص نہیں ہے بلکہ اس کے علاوہ بھی اس کی دوسری ذمہ داریاں ہیں۔
جماران خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق موسسہ نشر و آثار امام خمینی کے بین الاقوامی شعبہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مقدم صاحب نے حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے امام خمینی (رح) کے حرم میں اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت فاطمہ سلام اللہ علیھا کا نام ہی عورتوں کی عزت، عفت اور عظمت کا سبب ہے انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ کیا تاریخ اسلام میں صرف مردوں ہی نے خدمت دین کی ہے یا عورتوں کا بھی کوئی کردار تھا ؟ کہا اگر ہم تاریخ اسلام کو دیکھیں گے تو ہمیں تاریخ میں تین اہم موضوع نظر آئیں گے ایک بعثت رسول اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم دوسرا واقعہ غدیر اور تیسرا کربلا کا واقعہ ہے جس نے دین کو تحریف سے بچایا ہے ۔
ڈاکٹر مقدم نے کہا جب ہم ان موضوعات کو دیکھتے ہیں تو ان موضوعات میں ہر ایک مرد کے ساتھ ایک عورت بھی شامل ہے جہاں بعثت کے بعد حضرت خدیجہ نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا ساتھ دیا وہیں غدیر کے بعد حضرت زہرا سلام اللہ علیھا نے ولایت اور اہداف بعثت کا دفاع کیا جبکہ کربلا میں حضرت زینب سلام اللہ علیھا نے امام حسین علیہ السلام کے ساتھ مل کر دین کو تحریف ہونے سے بچایا۔
حجۃ الاسلام والمسلمین مقدم نے اسلامی انقلاب کی چالیسویں سالگرہ کی طرف اشارہ کرتے ہوے فرمایا کہ امام خمینی(رح) نے اسلامی انقلاب کے ذریعے ایرانی ثقافت کو بدل دیا اور انقلاب کے بعد نہ صرف مردوں بلکہ عورتوں کی زندگی میں بھی ایک تبدیلی رونمائی ہوئی انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی میں مردوں کی طرح عورتوں نے برابر حصہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ شاید اسلامی انقلاب اور اسلامی تحریک سے پہلے ایرانی عورتوں کے لئے کوئی اور نمونہ عمل ہو لیکن اسلامی انقلاب میں شامل عورتوں نے حضرت زہرا سلام اللہ کو اپنا نمونہ عمل بنا کر اسلام کی خاطر اپنی اولاد، مال اور جان کی قربانی دی انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی تحریک میں ایرانی عورتوں نے حضرت زہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت پر عمل کرتے ہوے صبر اور استقامت کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ آج حضرت فاطمۃ الزھرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے امام خمینی (رح) کے پوتے کی موجودگی میں حرم امام خمینی (رح) میں مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اس مجلس میں سوزخوانوں نے سوز خوانی کی اور حجۃ الاسلام والمسلمین محمد مقدم نے جناب زہرا سلام اللہ علیھا کی سیرت پر روشنی ڈالی۔