ابنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی انقلاب کی کامیابی کی چالیسویں سالگرہ کے موقع پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے عہدیداران اور کارکنان نے مرقد امام خمینی (رہ) پر حاضری دے کر خراج عقیدت پیش کیا۔
اس موقع پر اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل حجۃ الاسلام و المسلمین محمد حسن اختری نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ امام خمینی (رہ) نے اہل بیت اطہار(ع) کی سیرت پر عمل پیرا ہوتے ہوئے طاغوتی حکومت کو شکست دی کہا: ایران کا اسلامی انقلاب در حقیقت انقلاب اہل بیت(ع) سے ہی وجود میں آیا ہے اور امام خمینی نے وہی راستہ انتخاب کیا جو اہل بیت اطہار(ع) کا راستہ تھا۔
انہوں نے امریکہ کی ایران مخالف پالیسیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ہر آئے دن اپنے شیطانی منصوبوں میں شکست کا سامنا ہے اور علاقائی ممالک مخصوصا عراق، شام اور ایران کے خلاف اس کی تمام پالیسیاں شکست سے دوچار ہو چکی ہیں۔
اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کے سیکرٹری جنرل نے مزید کہا: امریکہ کی نسبت نفرت پوری دنیا میں دن بدن بڑھتی جا رہی ہے جبکہ ایران کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے اور دنیا کے بڑے بڑے ممالک ایران پر اعتماد اور بھروسہ کرنے کو تیار ہیں۔