یمن

یمن کے عوام پر اس لئے ظلم کیا جا رہا ہے چونکہ وہ مہدی موعود (عج) کے ظہور کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں

آج اقوام متحدہ بھی یمن کے عوام کی مظلومیت کی گواہی دے رہا ہے

اسلام ٹائمز۔ قم المقدس میں حوزہ علمیہ جامعہ الاسوہ کے زیراہتمام پاکستانی دینی طلباء کی جانب سے یمن کے مظلوم مسلمان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے یمن کی مظلومیت اور عالمی سکوت کے عنوان سے سمینار منعقد کیا گیا۔ اس سمینار سے خطاب کرتے ہوئے مدرسہ جامعہ الاسوہ کے پرنسپل حجت الاسلام سید تقی شیرازی نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت نے یہ نعرہ لگایا تھا کہ ہم آل سعود کے پٹھو نہیں بنیں گے لیکن آج سب سے پہلے انہوں نے سعودی عرب کا دورہ کر کے ریال کی لالچ میں غاصب سعودی حکومت کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کی ہے۔ عمران خان نے حوثیوں کے خلاف بیان دے کر پارلیمنٹ کی پالیسی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہم اس ظلم میں شریک نہیں ہیں اور شیعہ قوم پاکستان میں کبھی بھی نئی حکومت کے اس ظلم میں اسکا ساتھ نہیں دیں گے۔ ہم نئی حکومت کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ جامعہ اسوہ قم کے پرنسپل نے مزید کہا کہ جو کوئی بھی یمن کے مسئلہ پر سکوت کرے گا وہ اس ظلم میں شریک رہے گا اور ہم یمن کی مظلوم قوم سے عہد کرتے ہیں کہ ان کے خلاف ہونے والے ظلم کو پوری دنیا اور خصوصا پاکستان کی قوم تک پہنچائیں گے۔

اس پروگرام کے میہمان خصوصی یمن کی تحریک تنظیم العدالت کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام و المسلمین سید حسن علی العماد تھے۔ سید حسن علی العماد نے قم المقدس میں موجود پاکستان کے دینی طلبا اور علمائے کرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج یمن میں سعودی عرب کے مظالم اس حد تک آگے بڑھ گئے ہیں کہ وہاں لاکھوں کی تعداد میں صرف چھوٹے بچوں کی زندگی خطرے میں ہے اور اب تک کئی ہزار بچے اور بے گناہ مرد و زن مارے جا چکے ہیں۔ سیکرٹری جنرل تحریک تنظیم العدالت یمن نے یمنی قوم پر ہونے والے ظلم اور اس پر عالمی سکوت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا کا سکوت ہمیں پریشان نہیں کرتا لیکن اپنوں کا یمن کے مسئلہ پر خاموش ہو جانا حیران کن ہے شیعہ اور امام زمان عج کے پیروان اور انقلابی تفکر کے حامیان کا یمن کے مسئلہ پر سکوت کرنا ہماری سمجھ سے بالا تر ہے۔ آج ہمارے ذہن میں سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ جو امام زمان کی نصرت کا دعوی کرتے ہیں ایسے شیعہ کیوں یمن کے مسئلہ پر خاموش بیٹھے ہیں۔ آج دشمن امام زمان عج کی سرزمین کو تباہ کر رہا ہے لیکن ہمیں دوسروں سے گلہ نہیں اپنے کیوں خاموش ہیں۔

سید حسن علی العماد کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے کتنے مظالم بیان کریں کہ آج اقوام متحدہ بھی یمن کےعوام کی مظلومیت کی گواہی دے رہا ہے۔ آج ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں بچے یمن میں وبائی امراض کی وجہ سے مر رہے ہیں۔ فلسطین پورے مسلمانوں کیلئے امتحان ہے لیکن یمن پوری دنیا کے شیعوں اور امام زمانہ عج کی نصرت کرنے والے دعویداروں کیلئے امتحان ہے۔ آج یمن کی مظلومیت سب پر آشکار اور واضح ہے۔ اگر آپ انٹرنیٹ پر صرف یمن لکھیں تو آپ کو وہاں کے عوام کی مظلومیت نظر آجائے گی۔ یمن کے عوام پر اس لئے ظلم کیا جا رہا ہے چونکہ وہ مہدی موعود عج کے ظہور کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔

ای میل کریں