تازہ ترین دفاعی کامیابی

ایرانی آرمی نے تازہ ترین دفاعی کامیابیوں کو نمائش کیلئے پیش کیا

آج بروز بدھ تہران سمیت مختلف شہروں میں آرمی کی سالگرہ کے موقع پر فوجی پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا

پریڈ کے موقع پر نئے دفاعی سازوسامان کی بھی نمائش کی گئی جس میں 'ذوالفقار' ٹینک، 'بہمن' بیلسٹک میزائل اور دیگر جنگی مصنوعات شامل ہیں۔اس سلسلے میں تہران میں واقع بانی عظیم اسلامی انقلاب حضرت امام خمینی (رح) کے روضے کے سامنے شاندار پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔تہران میں آرمی کی شاندار پریڈ ہو‏ئی جس میں جدید سامان حرب کی نمائش بھی کی گئی۔مسلح افواج پريڈ کی تقریب میں صدر مملکت 'حسن روحانی' مہمان خصوصی تھے جبکہ اعلی عسکری کمانڈر اور دفاعی حکام بھی شریک تھے۔

ایرانی مسلح افواج کی اس شاندار پریڈ کو براہ راست نشر کیا گیا اور کروڑوں ایرانی عوام نے اپنی افواج کی اس ولولہ انگیز تقریب کو دیکھا۔مسلح افواج پریڈ کی تقریب میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سمیت اعلی عسکری کمانڈر، دفاعی حکام غیرملکی سفارتخانوں میں تعینات عسکری اتاشی بھی شریک تھے۔پریڈ کے دوران ایران آرمی اور پاسداران انقلاب فورس (IRGC) کے ماہرین کی طرف سے تیار کردہ جدید جنگی اور دفاعی ٹیکنالوجی اور فضائیہ سے متعلق جدید مواصلاتی نظام کو بھی نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے ایرانی فوج کے دن کی مناسبت سے ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جارح طاقتوں نے ایران اور مغربی ایشیا کے اطراف کے علاقوں میں غیر قانونی طور پر پڑاو ڈال دیا ہے اور ان علاقوں میں دہشتگرد گروہوں سے بڑی طاقتیں فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

صدر حسن روحانی نے ایرانی سپاہ اور فوج کے کردار کو خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لئے اہم قراردیتے ہوئے کہا کہ بڑی طاقتوں کی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایرانی فوج کو تیار رہنا چاہیے اور خطے میں امن و استحکام پیدا کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے اوردہشتگردوں کو اس بات کی اجازت نہیں دینی چاہئیے کہ وہ ایران کی جانب بری نظروں سے دیکھے۔

صدر حسن روحانی نے ایرانی فوج کو اسلام اور ایران کی طاقت کا بہترین نمونہ قراردیتے ہوئے کہا کہ ایرانی فوج پیشرفتہ ہتھیاروں کے ساتھ اسلامی، انسانی اور اخلاقی اقدار کا بھی مظہر ہے اور ایرانی فوج ایمان کے ہتھیار سے بھی مکمل طور پرمسلح ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی فوج کو جن ہتھیاروں کی ضرورت ہوگی انھیں وہ بنائے گی اورملک و قوم کے دفاع کے لئے ایران کو ہھتیار بنانے کے لئے کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بڑی طاقتوں کومتنبہ کیا کہ بڑی طاقتیں علاقے کو بارود کے ڈھیر میں تبدیل نہ کریں اور علاقائی ملکوں کے ساتھ سودے بازی نہ کریں اور ہتھیار بنانے کے کارخانوں میں اضافہ نہ کریں۔

انہوں نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ ہماری مسلح افواج نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے اہم کردار ادا کیا کہا کہ ایران اپنی پوری طاقت کے ساتھ علاقائی ملکوں کی صلح و آشتی کا جواب مثبت انداز میں دے گا اس لئے کہ ایران بڑا ملک ہے اور اس کی قوم ایک عظیم قوم ہے اور اسے دوسرے ملکوں کی سرزمین کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ایران کی مرکزی فوجی پریڈ کی تقریب آج بروز بدھ صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی کی موجودگی میں اسلامی انقلاب کے بانی حضرت امام خمینی(رح) کے مزار میں منعقد ہوئی۔ ایران میں 29 فروردین 18 اپریل کے دن کو یوم مسلح افواج کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ای میل کریں