ایرانی عوام کا انقلاب اسلامی سے تجدید عہد

ایرانی عوام کا انقلاب اسلامی سے تجدید عہد

انقلاب اسلامی کی 39ویں سالگرہ کے موقع پرحضرت امام خمینی (رہ)، شہدائے انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت اور ایرانی عوام کو مبارکباد

اسلامی انقلاب کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر آج اسلامی جمہوریہ ایران کے ہر شہر ہر قصبہ، ہر دیہات اور ہر گلی میں ریلیاں اور جلوسوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ ریلیوں اور جلوسوں میں ایرانی قوم پورے جوش و جذبے کے ساتھ بھرپور شرکت کررہی ہے۔ ریلیوں میں شریک لاکھوں مرد و زن مردہ باد امریکہ، مردہ باد اسرائیل کے نعرے لگا رہے ہیں، ہر ایرانی کے ہاتھ میں کوئی نہ کوئی بینر یا سائن بورڈ ہے جس پر مختلف قسم کے نعرے درج ہیں، رہبر کے فرمان پر جان قربان، ہم سب آپ کے سپاہی ہیں، خامنہ ای جیسے نعرے درج ہیں۔ ریلیوں میں شریک زیادہ تر افراد کے ہاتھ میں بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت امام خامنہ ای کی تصاویر نظر آرہی ہیں۔

ایران بھر میں نکالی جانے والی ریلیوں کی کوریج کےلئے دنیا کے مختلف ممالک سے ہزاروں صحافی ایران پہنچ گئے ہیں اورایرانی قوم کے جوش و جذبہ اور انقلاب کے ساتھ وفاداری کا ثبوت دنیا تک پہنچا رہے ہیں۔ اسلام ٹائمز رپورٹ کے مطابق، اس سال کے 22 بھمن کی ریلی اور جلوسوں کی کوریج کےلئے دنیا بھر سے ہزاروں صحافی اور فوٹوگرافر تہران سمیت ملک کے مختلف شہروں میں موجود ہیں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے بڑے شہروں خاص کر تہران، مشہد، اصفہان، تبریز، زاہدان، قم، اہواز۔۔۔۔۔ میں میلین مارچ جاری ہے، جس میں ہر کوئی اپنے طریقے سے انقلاب اسلامی کے ساتھ محبت کا اظہار کررہا ہے۔

واضح رہےکہ شمسی سال 22 بھمن کو ہر سال ایران میں اسلامی انقلاب کا جشن منایا جاتا ہے اور سال بہ سال کچھ زیادہ جوش اور جذبے کے ساتھ ہی منایا جاتا ہے۔

 

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 39ویں سالگرہ کے موقع پر تہران میں آزادی اسکوائر پر عوام کے عظيم الشان اجتماع سے خطاب میں ایران کےخلاف امریکی پالیسیوں کی شکست و ناکامی کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ آج امریکہ کو علاقائی اور عالمی سطح پر شکست اور ناکامی کا سامنا ہے۔ اللہ تعالی نے ٹرمپ کے ذریعہ امریکہ کو عالمی سطح پر مزید رسوا کردیا ہے۔

صدر حسن روحانی نے انقلاب اسلامی کی 39ویں سالگرہ کے موقع پرحضرت امام خمینی (رہ)، شہدائے انقلاب اسلامی کو خراج عقیدت اور ایرانی عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم آج انقلاب اسلامی کے 40ویں سال میں داخل ہوگئے ہیں۔ انقلاب اسلامی آج ایک مضبوط اور تناور درخت میں تبدیل ہوگیا ہے اور آج ایران کے اسلامی، اخلاقی اور منطقی نظریہ کو دنیا میں سلام پیش کیا جارہا ہے۔ ایران آج سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ میں، دفاعی شعبہ میں، سیاسی شعبہ میں، سماجی اور اجتماعی شعبہ میں پیشرفت اور کامیابی کی سمت گامزن ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی قوم نے باہمی اتحاد کے ساتھ دشمن کی تمام سیاسی اور اقتصادی چالوں اور سازشوں کو ناکام بنادیا اور ایرانی قوم تمام مشکلات کے باوجود ملک کی تعمیر و ترقی کے شعبوں میں بھی آگے بڑھ رہی ہے۔

ایرانی صدر نے کہا کہ گذشتہ سال ہم نے اتحادیوں کے ساتھ ملکر داعش دہشت گردوں کا علاقہ سے خاتمہ کیا اور ہم نے عراق اور شام کے عوام کی بھر پور مدد کی اور انھیں دہشت گردی کے شر سے بچانے میں ہم نے اہم کردار ادا کیا۔ ہم نے عراق اور شام کو توڑنے کے سلسلے میں امریکہ کی گھناؤنی کوششوں کو بھی ناکام بنایا۔ ہم تمام ممالک کی ارضی سالمیت کے خواہاں ہیں۔ ہم خطے میں امن اور ثبات چاہتے ہیں کیونکہ ہم امن و ثبات کے سائے میں آگے بڑھ سکتے ہیں جبکہ دشمن خطے میں عدم استحکام پیدا کرکے اور دہشت گردی کو فروغ دیکر ہماری پیشرفت اور ترقی کو روکنا چاہتا ہے۔ دشمن ہمیں آپسی جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کررہا ہے۔ ایرانی عوام دشمن کی سازشوں سے آگاہ اور ہوشیار ہیں ہم نے عللاقائی اور عالمی سطح پر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی گھناؤنی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور آئندہ بھی ہم دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنادیں گے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکہ کی فلسطین کے ساتھ خیانت کا سلسلہ جاری ہے امریکہ نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قرار دےکر اپنا ناپاک چہرہ مزید نمایاں کردیا ہے جبکہ دنیا کے تمام ممالک نے امریکہ کے اس اقدام کی بھر پورمخالفت اور مذمت کی ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج ایران کی تقدیر صرف ایرانیوں کے ہاتھ میں ہے آج ایران مستقل اور آزاد ہے ایران کے بارے میں تمام فیصلے ایرانی قوم کے ہاتھ میں ہیں کسی بھی عالمی طاقت کی ایران کے مسائل میں مداخلت کی مجال نہیں، اگر کوئی طاقت مداخلت کی کوشش بھی کرتی ہے تو ایرانی عوام بر وقت میدان میں حاضر ہو کر اسے ناکام بنادیتے ہیں اور ایرانی عوام مستقبل میں بھی دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بنادیں گے۔

 

ایران کے صوبہ کرمان کے مرکزی جلوس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل قاسم سلیمانی نے کہا ایرانی قوم نے داخلی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے۔ کچھ عرصہ پہلے انقلاب کے خلاف ہونے والی سازشوں میں ہماری قوم نے دشمن کی ناک زمین پر لگا دی ہے۔ اس ملت کے پاوں کو چومنا چاہیئے۔ قدس بریگیڈ کے کمانڈر نے جشن آزادی اور انقلاب کی کامیابی کے عنوان سے منعقد ہونے والی ریلی سے خطاب کیا۔ اس ریلی میں لاکھوں لوگ موجود تھے۔

جنرل قاسم سلیمانی نے انقلاب اسلامی، جنگ اور مدافع حرم شہدا کی یاد میں کہا کہ ہم شہدا کی یاد کو زندہ رکھتے ہوئے اپنی قوم کو انتالیسویں جشن آزادی کی مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ آج تک انقلاب اسلامی بہت سے خطرات سے مقابلہ کرتا ہوا یہاں پہنچا ہے، ہمیں بہت سے چیلنجوں کا سامنا تھا لیکن خدا کا شکر ہے انقلاب اسلامی نے ان تمام مشکلات سے عبور کیا۔ ہم ایسے مذہب کے پیروکار ہیں کہ جو انسان کی نجات کا باعث ہے۔ خداوند تبارک و تعالی حضور شکرگذار ہیں کہ اس نے ہمیں ایسی قوم میں قرار دیا ہے کہ جو مشکلات اور مصائب پر صبر کرتی ہے، اس قوم نے اپنی بیٹوں کو انقلاب اور اسلام کے راستے میں قربان کیا ہے۔


ای میل کریں