صدر روحانی: عالمی یوم القدس کی ریلیاں، اس بات کا ثبوت ہیں کہ آخرکار باطل پر حق کی فتح ہوگی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے پیر کے روز مختلف ایرانی حکام، مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے عوام اور تہران میں متعین اسلامی ملکوں کے سفیروں سے اپنے خطاب میں عید سعید فطر کی مبارک باد دیتے ہوئے صیہونی حکومت کے خلاف جدوجہد سے بعض اسلامی ملکوں کے گریز پر تنقید کی اور فرائض کی انجام دہی میں ایرانی قوم کو ہوشیار و بیدار قرار دیا اور فرمایا:
عالم اسلام کو اتحاد و یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور بیشتر مسلم اقوام میں ہمدلی پائی جاتی ہے اور یہ حکومتیں ہیں جنھیں چاہئے کہ اپنے فرائض پر عمل کریں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عالمی یوم القدس اور اس دن کی ریلیوں میں فلسطینی قوم کے دفاع سے متعلق ایرانی عوام کی عظیم و بھرپور شرکت کو اسلامی اتحاد کا ایک قابل فخر نمونہ قرار دیا اور فرمایا:
اسلامی اتحاد کے معنی ہی یہ ہیں جو ایران کے روزے دار شیعہ مسلمان اتنی شان و عظمت کے ساتھ سڑکوں پر آتے ہیں اور فلسطینیوں سے جو کہ سنی مسلمان ہیں، ہمدلی و ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
رہبر انقلاب اسلامی نے مسئلہ فلسطین کو دبانے اور اسے فراموش کئے جانے کو ایک بڑا خطرہ قرار دیا اور فرمایا: تفرقے سے پرہیز کے ساتھ اتحاد و یکجہتی، مسلمانوں کے مفاد میں ہے اور عالم اسلام کے اولین مسئلے کی حیثیت سے مسئلہ فلسطین میں سب ایک ساتھ مل کر اسے دبائے جانے یا اسے فراموش کئے جانے کی روک تھام کریں۔
آیت اللہ خامنہ ای نے اختلاف و تفرقے کو ناپسند ترین مسئلہ اور عالم اسلام کے پیکر پر کاری ضرب اور گہرے زخم سے تعبیر کیا اور یمن، شام، عراق اور شمالی افریقہ جیسے دنیائے اسلام کے مختلف علاقوں میں خونریز جھڑپوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ فرمایا:
اسلامی ملکوں کی ایک دوسرے سے قربت اور اسی طرح ایک دوسرے کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز، حکمت الہی کے عین مطابق اور تمام اسلام ملکوں کے مفاد میں ہے۔
اس نشست میں رہبر انقلاب اسلامی کے خطاب سے قبل صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دہشت گردوں کے مقابلے میں مزاحمت و استقامت کا مظاہرہ کرنے پر ایران کی مسلح افواج اور ایرانی قوم کی قدردانی کرتے ہوئے کہا: دہشت گردوں کو دیئے جانے والے جواب نے ایران کی دفاعی طاقت کے صرف ایک معمولی سے نمونے کو آشکار کیا ہے۔
صدر روحانی نے اسی طرح عالمی یوم القدس کے جلوس اور مظاہروں میں ایرانی عوام کی وسیع پیمانے پر شرکت کو سراہتے ہوئے کہا: عالمی یوم القدس کے موقع پر ایرانی عوام کی ریلیاں، اس بات کا ثبوت ہیں کہ آخرکار باطل پر حق کی فتح ہوگی۔