پروفیسر این ڈی خان

امام خمینی(ره) کا انقلاب ایک نظریاتی انقلاب ہے جس کے اثرات پوری دنیا پر دیکھے جا سکتے ہیں

ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھی پروفیسر این ڈی خان کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں

کراچی سے تعلق رکھنے والے پروفیسر این ڈی خان پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں سے ہیں۔ آپ سابق وفاقی وزیر اور پیپلز پارٹی کے مرکزی میڈیا سیکریٹری بھی رہے ہیں۔ بہترین استاد، مزدوروں اور مظلوموں کے دوست، ماہر قانون، ماہر سیاست، ڈکٹیٹر کے دشمن، اور ذوالفقار علی بھٹو کا ساتھی پروفیسر این ڈی خان کی شخصیت کسی تعارف کی محتاج نہیں، تحریک بحالی جمہوریت میں ان کی قربانیاں کسی سے پوشیدہ نہیں، وہ جنرل ضیاء کی آمریت سے لڑنے والے ہیں۔ شیعہ نیوز نے پروفیسر این ڈی خان کے ساتھ انقلاب اسلامی کے بارے  میں ایک مختصر نشست کی۔ اس موقع پر آپ کے ساتھ کیا گیا خصوصی انٹرویو قارئین کیلئے پیش ہے۔

شیعہ نیوز : انقلاب اسلامی ایران کے حوالے سے آپ کے کیا تاثرات ہیں؟
پروفیسر این ڈی خان: میں پہلے فیض کی بات کو پیش کروں گا، فیض احمد فیض نے کہا تھا کہ فرانس کے انقلاب کے بعد دنیا نے اگر کوئی سب سے بڑا انقلاب دیکھا ہے تو وہ حضرت امام خمینی(ره) کا لایا ہوا انقلاب ہے، جو ایران سے شروع ہوا، حضرت امام خمینی کا انقلاب ایک نظریاتی انقلاب ہے، جس کے اثرات تمام عالم اسلام پر دیکھے جا سکتے ہیں، اس کے ساتھھ ساتھ پوری دنیا پر بھی اس انقلاب کے اثرات دیکھے جا سکتے ہیں۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ ایرانی اسلامی قوم مبارک باد کی مستحق ہے کہ حضرت امام خمینی (ره) کے لائے ہوئے انقلاب کے اثرات پوری دنیا پر دیکھے جا سکتے ہیں۔

شیعہ نیوز : بانی انقلاب اسلامی ایران حضرت امام خمینی کی جدوجہد کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں؟
پروفیسر این ڈی خان: حضرت امام خمینی (ره) نے کسی ایک دن، ایک زمانے یا ایک مخصوص خطے کیلئے جدوجہد نہیں کی تھی، وہ تو ایک نظریاتی تبدیلی دیکر گئے ہیں، ان کی لائی ہوئی نظریاتی تبدیلی جاری و ساری ہے، اور رہے گی، اور مستقبل میں بھی آپ دیکھیں گے کہ اس کے مثبت انداز میں نتائج برآمد ہونگے۔

شیعہ نیوز : کیا موجودہ ایرانی قیادت انقلاب اسلامی کو بہتر انداز میں آگے لے کر چل رہی ہے؟
پروفیسر این ڈی خان: میں سمجھتا ہوں کہ حتیٰ الامکان کوشش یہی ہے، لیکن بین الاقوامی پس منظر میں ہمیں دیکھنا چاہیئے کہ جس طرح سے ایران نے عالمی طاقتوں کے مدمقابل ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ انتہائی زیادہ قابل تعریف ہے، اور آخر کار دنیا نے دیکھا کہ نظریاتی، فکری و عملی طور پر ایران کی فتح ہوئی ہے۔

شیعہ نیوز : عالمی سطح پر ایران کے کردار کو کس نگاہ سے دیکھتے ہیں؟
پروفیسر این ڈی خان: ایران سے اگر کسی کا تصادم ہے تو وہ بھی اسی بنیاد پر ہے کہ حضرت امام خمینی حق کیلئے لڑے تھے، اور انکی فتح ہوئی، آج بھی دہشتگردی کے خلاف جو اسلامی ممالک واقعاً لڑ رہے ہیں، جو بھی حق کیلئے لڑ رہے ہیں، ان میں بھی ایران کی قیادت غالب آ سکتی ہے، آج کل جو عالمی سطح پر جو محاذ آرائی پائی جاتی ہے، اس حوالے سے میںں سمجھتا ہوں، میری ذاتی رائے یہ ہے کہ ایران کا مثبت کردار زیادہ واضح اور زیادہ مستحکم ہے۔

شیعہ نیوز : کیا وجہ ہے کہ امریکا و مغرب عرب ممالک کو انقلاب اسلامی ایران سے ڈرانے کی کوشش کرتے ہیں۔؟
پروفیسر این ڈی خان: مغرب کا یہ پرانا طریقہ کار ہے کہ تقسیم کرو اور لڑاو، اور اپنے مفادات کو تقویت پہنچاو، تو یہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ سازش مسلم دنیا میں کبھی کامیاب نہیں ہوگی، کیونکہ سرکار دوعالم حضرت محمد (ص) کی تعلیمات نے عرب و عجمی، کالے گورے کو ایک کیا ہے، لہٰذا اسلام دشمن قوتوں کی سازشیں اورر  ریشہ دوانیاں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔

 

شیعہ نیوز : لیکن کہیں کہیں عرب ممالک میں انقلاب اسلامی ایران سے ڈر نظر تو آتا ہے۔؟
 پروفیسر این ڈی خان: یہ عارضی طور پر ہے۔

شیعہ نیوز :کیا وجہ ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ التوا کا شکار نظر آ تا ہے۔؟
پروفیسر این ڈی خان: میرا خیال ہے کہ پائپ لائن منصوبے میں پیشرفت ہوئی ہے، اور مستقبل میں آپ دیکھیں گے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ضرور پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

شیعہ نیوز : انقلاب اسلامی ایران کے حوالے سے کیا پیغام دینا چاہیں گے۔؟
پروفیسر این ڈی خان: انقلاب اسلامی ایران پوری دنیا کا انقلاب ہے، خود اس انقلاب کا پیغام ہے کہ سچ کیلئے ڈٹ کر مقابلہ کرو، اللہ تعالیٰ کے خوف کے سوا کسی سے بھی نہ ڈرو، اللہ تعالیٰ کے سہارے سے آگے بڑھنے کی کوشش کرو، میں سمجھتا ہوں کہ ہر مسلمان کیلئے انقلاب اسلامی ایران کا یہ ایک دائمی پیغام ہے، جو سرکاردوعالم حضرت محمد (ص) سے لیکرر  حضرت امام خمینی کے دور تک عملی رہا ہے، اور آج بھی قائم و دائم ہے۔

ای میل کریں