امام(رہ) نے اسلامی آداب کے ذریعے دلوں میں جگہ پیدا کی

امام(رہ) نے اسلامی آداب کے ذریعے دلوں میں جگہ پیدا کی

آج تمام طاقتیں ایرانی قوم کی عظمت، استقامت اور پائداری کے سامنے سر تعظيم جھکانے پر مجبور ہوگئی ہیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران کے آزادی اسکوائر پر انقلاب اسلامی کی کامیابی کی 37ویں سالگرہ کے موقع پر ایک عظيم ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا: انقلاب اسلامی کے سائے میں ایرانی قوم نے عزت و عظمت، خاطر خواہ ترقی اور پیشرفت حاصل کی ہے۔ ایرانی قوم کسی بھی قسم کے دباؤ کے سامنے نہ جھکی ہے، نہ جھکے گی۔ جو شخص ملک سے کسی خطرے کو دور کرے، وہ انقلابی ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا: ہم مزاحمتی اور پائدار اقتصاد کے دائرے میں آباد اور سرافراز ایران بنائیں گے۔

صدر نے اختلاف و تفرقہ کو قومی اور ملکی مفادات کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا: آج سیاسی پارٹیوں اور سیاسی احزاب کےلئے درست نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے کا مقابلہ کریں بلکہ آج اتحاد اور یکجہتی کا دن ہے اور سبھی کو ملکر ایران کو آباد کرنا چاہیے۔

حجت الاسلام روحانی نے روس، چين اور یورپی ممالک کے ساتھ طویل مدت مشترکہ تعاون کے معاہدوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا سمجھ گئی ہے کہ ایرانی قوم کے خلاف اقتصادی پابندیاں عآئد کرنے سے کوئی فائدہ نہیں، ایرانی قوم کسی دباؤ کے سامنے نہ جھکی ہے اور نہ جھکے گی اور یہی وجہ ہے کہ آج تمام طاقتیں ایرانی قوم کی عظمت، استقامت اور پائداری  کے سامنے سر تعظيم جھکانے پر مجبور ہوگئی ہیں۔

صدر نے کہا کہ ایرانی قوم امن پسند و صلح پسند ہے اور ایران علاقہ میں پائدار امن و صلح کا خواہاں ہے خطے میں غیر علاقائی طاقتیں بد امنی پھیلانا چاہتی ہیں، علاقائی ممالک کو سامراجی طاقتوں کی گھناؤنی سازشوں سے ہوشیار رہنا چاہیے۔

صدر مملکت روحانی نے کہا: ایرانی قوم رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایات کے سائے میں ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن رہےگی۔

حجت الاسلام حسن روحانی صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا: حضرت امام خمینی(رہ) نے اسلامی آداب اور اسلامی اخلاق کے ذریعہ لوگوں کے دلوں میں جگہ پیدا کی اور اسلام کا پیغام بھی محبت، اخلاق اور مہربانی پر مشتمل ہے۔

روحانی نے ایران پر امریکی تسلط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: ایرانی قوم نے 37 سال قبل انقلاب اسلامی کے ذریعہ امریکہ کے تسلط کو ملک سے ختم کردیا اور انقلاب اسلامی نے ایرانی قوم کو عزت و عظمت عطا کی، آج ایرانی قوم اپنے اسلامی انقلاب کی دل و جاں سے حفاظت کرنے کےلئے تیار ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرےگی۔


ماخذ: مہر خبررساں ایجنسی

ای میل کریں