اسلامی ممالک امام خمینی(رہ) کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے تفرقہ سے پرہیز کریں

اسلامی ممالک امام خمینی(رہ) کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے تفرقہ سے پرہیز کریں

آیت اللہ بشیر نجفی: تکفیری ٹولوں کا مقابلہ کرنا ضروری ہے اور جو کچھ ہمارے پاس ہے اسے اس ناسور کی بیخ کنی پر صرف کرنا ہو گا۔ اور اپنے علاقے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر چند کوشش کرنا ہو گی، خداوند عالم نے قرآن کریم میں نصرت اور کامیابی کا وعدہ دیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی کے مطابق، مجمع جہانی اہلبیت(ع) کی جنرل اسمبلی کے چھٹے اجلاس اور امام سجاد علیہ السلام پر بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں آیت اللہ العظمیٰ بشیر نجفی کا پیغام پڑھا گیا۔
آیت اللہ بشیر نجفی کا یہ پیغام جو ان کے فرزند ارجمند کے ذریعے پڑھا گیا اس میں کہا گیا ہے کہ اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی جو دین اسلام اور فکر اہلبیت(ع) کی نشر و اشاعت کی راہ میں کوشاں ہے عمل صالح کے مفہوم کا صحیح مصداق ہے۔ 
اس پیغام میں مزید آیا ہے کہ عالمی استکبار نے اسلام سے منسوب بعض شدت پسندوں کو خرید لیا ہے اور انہیں مسلح کر کے مسلمانوں کے قتل عام پر لگا دیا ہے۔ عالمی استکبار مسلمانوں کے سرمائے مخصوصا تیل سے خود انہیں کے قتل کا سامان فراہم کر رہا ہے۔
آیت اللہ بشیر نجفی نے اپنے پیغام کے آخر میں کہا ہے: تکفیری ٹولوں کا مقابلہ کرنا ضروری ہے اور جو کچھ ہمارے پاس ہے اسے اس ناسور کی بیخ کنی پر صرف کرنا ہو گا۔ اور اپنے علاقے میں امن و سلامتی کے قیام کے لیے ہر چند کوشش کرنا ہو گی، خداوند عالم نے قرآن کریم میں نصرت اور کامیابی کا وعدہ دیا ہے۔
واضح رہے کہ مجمع جہانی اہل بیت(ع) کی جنرل اسمبلی کا چھٹا اجلاس آج ہفتے کے دن تہران میں شروع ہوا ہے جس میں ایک ہزار کے قریب اہل تشیع کی اہم شخصیات نے شرکت کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ نے گزشتہ روز اہل بیت(ع) عالمی اسمبلی کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں عراق کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: عراق کے تمام قوم و قبیلے آپس میں متحد ہیں اور مزدور دھشتگردوں کے مد مقابل اپنے وطن کا دفاع کرنے میں جھٹے ہوئے ہیں۔
حجۃ الاسلام و المسلمین صدر الدین قبانچی نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دشمنان عراق اس ملک کو تقسیم کرنے کے در پہ ہیں کہا: کوئی متجاوز طاقت اور ٹولہ عراق کو تقسیم نہیں کر سکتا اس لیے کہ عراق کے لوگ اپنے شہیدوں کے خون کو کبھی رائگاں نہیں جانے دیں گے۔
انہوں نے مسلمانوں کو فرقہ واریت سے محفوظ رکھنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا: بعض بزرگ شیعہ و سنی افراد مسلمانوں کے درمیان اختلاف پھیلانے کے در پہ رہتے ہیں میں ان سے کہنا چاہوں گا کہ ملت عراق اور دیگر اسلامی ممالک امام خمینی (رہ) کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے تفرقہ پھیلانے والی تمام طاقتوں کا مقابلہ کریں گے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کو تمام مسلمان ممالک کے لیے نمونہ عمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف وہی ممالک متجاوز طاقتوں کے مقابلے میں کامیاب رہے ہیں جنہوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کو اپنا رہنما سمجھا ہمیں یہ باور کر لینا چاہیے کہ رہبر انقلاب اسلامی کا طرز عمل اور کردار وہی اہلبیت(ع) کا کردار ہے۔
نجف اشرف کے امام جمعہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا کہ ایران نے دشمن طاقتوں کے مقابلے میں عراقی عوام کی حمایت کی۔ انہوں نے تمام اسلامی ممالک کو داعش سے مقابلے کی دعوت دی اور حزب اللہ اور دیگر اسلامی مزاحمت کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

ای میل کریں