اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اتوار کے روز "خاتون انقلاب" کے زیر عنوان منعقدہ کانفرنس میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا اور امام خمینی (ره) کے یوم ولادت کے موقع پر کہا کہ آج کا دن اس خاتون کا دن ہے کہ جس کا سب پر بہت زیادہ حق ہے- صدر مملکت نے مزید کہا کہ عظیم مصلحین اور لیڈروں کے تاریخی اقدامات اور تحریکوں کا جائزہ لیتے ہوئے ان کی بیویوں کے کردار پر بہت کم توجہ دی جاتی ہے۔
ڈاکٹر حسن روحانی کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی کسی مناسبت سے حضرت خدیجہ کبری کا نام لیا جاتا تھا تو پیغمبر اکرم (ص) ان کے ایثار و فداکاری اور اخلاق و فضائل کو بیان فرمایا کرتے تھے اور حضرت علی (ع) کا طریقہ بھی یہی تھا- ڈاکٹر حسن روحانی نے مزید کہا کہ حضرت امام خمینی (ره) نے جس انقلاب کی قیادت کی اس کا آغاز ایک سیاسی انقلاب سے نہیں ہوا تھا بلکہ معرفت سے اس کا آغاز ہوا تھا - صدر مملکت نے مزید کہا کہ امام خمینی (ره) نے خواتین کو آزادی کا تحفہ دیا- واضح رہے کہ حضرت امام خمینی (ره) کی اہلیہ اور خاتون انقلاب محترمہ خدیجہ ثقفی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے تہران میں واقع سربراہی اجلاس ہال میں ایک روزہ کانفرنس جاری ہے- اس کانفرنس میں صدر مملکت، امام خمینی (رح) کے اہل خانہ اور بعض سرکاری عہدیدار شریک ہیں-