جاہل انسان، صدام اور امام خمینی(رہ) میں تمیز نہیں کر پاتا: بہاؤالدینی

جاہل انسان، صدام اور امام خمینی(رہ) میں تمیز نہیں کر پاتا: بہاؤالدینی

ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ ہماری دوستی اور دشمنی صرف اور صرف خدا کے لئے ہو۔

پاکستان میں نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ سید ابوالفضل بہاؤالدینی نے معرفت ثقلین سیمینار اور اعمال شب ہائے قدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ہمیں اپنے آپ کو پہچاننا ہے، اپنی نفسانی خواہشات کے آگے بند باندھنا ہے، اگر ہم نے ان خواہشوں کے آگے بند نہ باندھا تو کہیں ایسا نہ ہو کہ خواہشات کی طغیانی ہمیں بہا کر لے جائے۔ خواہشات کے آگے باندھے جانے والا بند ہماری عقل ہے اور ہمیں اپنی عقل کو قوی کرکے اس کو کنٹرول کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پاک و سلیم دل اچھے کاموں کا سرچشمہ ہوتا ہے، ہمیشہ خدا کے ساتھ جڑا ہوتا ہے اور انصاف پسند ہوتا ہے، لیکن جو دل پاک نہ ہو وہ فتنہ و فساد کا مرکز ہوتا ہے پس ہمیں اپنے دل کو پاک و طاہر رکھنا چاہیئے۔ اس ہی طرح پاک نیت بھی نیکیوں کا سرچشمہ ہے، کیونکہ جس کی نیت پاک ہوگی اس کا دل بھی اچھے کاموں کی طرف مائل رہے گا، اس لئے اپنی نیتوں کو شفاف رکھنا چاہیئے۔

نمائندہ ولی فقیہ نے کہا کہ اسلام کے اخلاقی احکام میں سب سے مشکل دوستی اور دشمنی کرنا ہے، ہماری کوشش ہونی چاہیئے کہ ہماری دوستی اور دشمنی صرف اور صرف خدا کے لئے ہو۔ جو لوگ بھی اجتماعی سطح پر کام کرتے ہیں، ان کے لئے لازم ہے کہ وہ دوستی اور دشمنی صرف خدا کے لئے کریں، کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو اجتماعی گناہ وجود میں آتے ہیں اور خدا کے نزدیک اجتماعی گناہ کی کوئی معافی نہیں ہے۔ انہوں نے جوانوں کو امام علی مرتضی(ع) کے بیٹوں کے نام سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انسان کا ارادہ اور فکر جدا نہیں ہے، آپ کے اندر دوسرے مومن بھائی سے بڑائی کا انگیزہ نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ یہ فتنہ و فساد کا مؤجب ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ احتمال دینا چاہیئے کہ شب قدر میں انسان اپنی تقدیر خود بناتا ہے، اسی لئے شب قدر اس کے لئے ہزار راتوں سے بہتر ہے کہ جو اپنے ارادے سے اپنے آپ کو خدا کی طرف مائل کرتے ہوئے اپنے نفس کو پاک کرے۔

آقائے بہاؤ الدینی نے مزید کہا کہ اجتماعی گناہوں کا جو زمینہ فراہم کرنے والے عوامل ہیں ان میں ایک جہالت ہے، جہالت ہی کی بدولت انسان صدام اور امام خمینی(رہ) میں تمیز نہیں کر پاتا، بس ہمیں چاہیئے کہ ایسے جاہلوں سے بچیں، کیونکہ یہ فتنوں میں ایک فتنہ ہیں، گو کہ ان کی پیشانیوں پر سجدوں کے نشان موجود ہیں، لیکن ان کے پاس عقل نام کی کوئی چیز نہیں ہے، اس کی سب سے بڑی مثال خوارج کی ہے، کہ جو اپنی جہالت کی بناء پر امام علی(ع) کے مقابلے پر آئے تھے۔ انہوں نے جاہل کی پہچان بتاتے ہوئے کہا کہ جاہل معتدل نہیں ہوتا، وہ یا تو افراط کرتا ہے یا تفریط، ہمیں ایسے جاہلوں سے بچنا چاہیئے۔

ای میل کریں